ٹرمپ نے حکم دیا تو چین پر ہر جوہری حملہ کرسکتے ہیں :امریکی ایڈمرل:افغانستان میں مطلوبہ نتائج نہیں ملے
واشنگٹن (اے این این+ آن لائن) امریکہ کے بحرالکاہل میں تعینات نیول بیڑے کے کمانڈر ایڈمرل سکاٹ سوفٹ نے کہا ہے وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر چین پر جوہری حملہ کر سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کی نیشنل یونیورسٹی میں منعقدہ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ایڈمرل نے یہ بھی کہا امریکی فوج کے کمانڈر انچیف کی حکم عدولی کسی طور پر درست قرار نہیں دی جا سکتی۔ چین پر جوہری حملے کی بات ایڈمرل سوفٹ نے کانفرنس میں شریک ایک شخص کے ایک سوال کے جواب میں کہی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا امریکی فوج میں شمولیت کرنے والا ہر فوجی اس بات کا حلف اٹھاتا ہے وہ کمانڈر انچیف کا وفادار رہے گا۔ امریکی صدر اپنے ملک کی افواج کا بالحاظِ منصب کمانڈر انچیف ہوتا ہے۔ دریں اثناء دریں اثناء امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے افغانستان میں اس کی فوجی حکمت عملی کے غالباً مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہو سکے ہیں۔ چنانچہ اس تصادم کے مستقل حل کیلئے طالبان اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ امن مذاکرات کی ضرورت ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیتھرو ناؤریٹ نے کہا وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن پوری شدت کے ساتھ امن کوششیں جاری رکھنا چاہتے ہیں جس کا مطلب طالبان کے ساتھ بیٹھنا اور بات چیت شروع کرنا ہے۔