• news

;کراچی شپ یارڈ میں تیارکردہ میزائل بردار جہاز پاک بحریہ میں شامل

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے لیے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کردہ فاسٹ اٹیک (میزائل) کرافٹ پی این ایس ہمت کی کمیشننگ اور پاک بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی تقریب جمعہ کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پی این ایس ہمت 63میٹر لمبی فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے جو سٹیٹ آف دی آرٹ ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔ اس منصوبے کی ایک خصوصی اہمیت یہ بھی ہے کہ اس میں مقامی طورپر تیار کردہ میزائل سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ اس کرافٹ میں دیگر ہتھیار اور سینسرز بھی نصب کیے گئے ہیں جن کی بدولت رفتار اور دشمن کے لیے خطرناک ہونے کے اعتبار سے اس کرافٹ کا کسی بھی جدید بحری ہتھیار سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے کہا کہ یہ ایک نہایت اہم موقع ہے جب ملکی وسائل سے تیار کردہ دوسری فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کی جارہی ہے۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ بحری شعبے میں موجود امکانات سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور اس سے جڑے چیلنجز سے بخوبی نمٹنے کے لیے ایک موثر، مضبوط اور خود کفیل بحریہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں ایک محفوظ بحری ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ سی پیک وطن عزیز کے لیے ترقی اور خوشحالی کا پیغام ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ کچھ نئے خطرات بھی جنم لے رہے ہیں ۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس عظیم منصوبے کو کامیابی سے ہمکنا ر کرنے کے لیے ہم درپیش خطرات سے آگاہ رہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
پاک بحریہ

ای پیپر-دی نیشن