• news

جنوبی کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہڑتال اہلکاروں کی عمر قید کی سزا معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف جمعہ کو زبردست احتجاجی مظاہرے

سری نگر(کے پی آئی+نیٹ نیوز)بھارتی فوجی عدالت کی طرف سے مڑھل فرضی جھڑپ میں3شہریوں کی ہلاکت پر کرنل اور کیپٹن سمیت6اہلکاروں کی عمر قید کی سزا معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف جمعہ کو زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سری نگر کی مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں ہو سکی بھارتی فورسز کی بھاری جمعیت نے مسجد کو سیل کر دیا تھا مسجد پر پہرہ رہا۔حریت قائدین سید علی گیلانی اور میر واعظ نظر بند رہے جنوبی کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہڑتال رہی۔ ادھر کولگام میں رام پورہ کیموہ نامی دیہات میں گزشتہ شب قابض فوجیوں نے توصیف شیخ نامی شہری کے گھرمیں دھاوابول د یا اہلخانہ کے شورمچانے پراردگردکے لوگ اپنے گھروں سے باہرنکل آئے اورمقامی مسجد کے لوڈ سپیکروں سے اس ظالمانہ کارروائی سے متعلق اعلان کیا گیا جس کے بعدپورے علاقے کے لوگ وہاں جمع ہوگئے اور بھارت اورقابض فوج کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران مشتعل مظاہرین نے قابض فوجیوں پرپتھراؤبھی کی جس پر قابض فوجیوں نے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے۔مکمل ہڑتال کی گئی اور لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)نے حوالہ کیس میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کے فرزند ڈاکٹر نعیم گیلانی سمیت دیگر28افراد کے نام نوٹس جاری کئے ہے۔ نعیم گیلانی کو31جولائی دلی میں این آئی اے کے سامنے پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسی ہفتے تحقیقاتی ایجنسی نے گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا ہے۔انکے علاوہ گیلانی کے ترجمان ایاز اکبر، انکے سیکرٹری پیر سیف اللہ اور ایک اہم لیڈر معراج الدین کلوال کوبھی حراست میں لیا گیا۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے جواں سال عاطف حسن کو عدالت کے احا طے سے گرفتار کرنے کے بعد پی ایس اے کے تحت کھٹوعہ جیل منتقل کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پرامن جوانوں کودیوانے کرنے کے عمل سے تعبیر کیا ہے۔جہادی تنظیم لشکر طیبہ کے چیف محمود شاہ نے کہا ہے کہ بھارت عملی طور پر جنگ ہار چکا ہے اور یکے بعد دیگرے اس کی تمام سازشیں دم توڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری حربے کے طور پر وہ عوام اور حریت قیادت کے درمیان قائم اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، مگر اللہ نے چاہا تو عوام اس سازش کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
کشمیر

ای پیپر-دی نیشن