’’پانامہ کیس میں ساتھ نہ دیا‘‘ تحریک انصاف نے قومی وطن پارٹی کو خیبر پی کے حکومت سے الگ کر دیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) تحریک انصاف نے قومی وطن پارٹی کو پانامہ کیس میں ساتھ نہ دینے پر ایک دفعہ پھر حکومت سے علیحدہ کر دیا ہے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا ایک مؤقف تھا کہ جبکہ ہماری اتحادی جماعت قومی وطن پارٹی دوسری طرف کھڑی تھی اس لئے اس کے اتحاد ممکن نہیں رہا۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پی کے کے وزیراطلاعات شاہ فرمان اور وزیر مال علی امین گنڈاپور نے خیبر پی کے ہائوس اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مال علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کے اندر احتساب کیا جائے گا۔ پارٹی چیئرمین عمران خان کمیٹی تشکیل دیں گے جو پارٹی کے اندر احتساب کرے گی۔ قوم کو بتائیں گے ہم اپنے گھر سے احتساب کی شروعات کر رہے ہیں۔ پارٹی کے لوگوں کو جو بھی شکایات ہونگی‘ وہ کمیٹی کو کریں گے اور کمیٹی اس کا جائزہ لے گی۔کمیٹی کا فیصلہ حتمی تسلیم کیا جائے گا اور جو بھی سفارشات کمیٹی کی طرف سے آئیں گی‘ ان پر عملدرآمد ہوگا۔ ہم پاکستان اور تحریک انصاف کو کرپشن فری بنائیں گے۔