مسلم لیگ ن کو 5 سال پورے کرنے چاہئیں ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا‘ شیخ رشید کو وزیراعظم نامزد کرینگے: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے اپوزیشن مشترکہ امیدوار لائے ہم شیخ رشید احمد کو وزیراعظم کیلئے امیدوار نامزد کریں گے اس بار ہم تیاری سے الیکشن لڑیں گے ہم نے اپنی جدوجہد میں یہی سیکھا ہے 2013 ء کے الیکشن میں پتہ چلا کہ دھاندلی کیسے ہوتی ہے‘ اللہ نے موقع دیا تو کرپشن پر قابو پاکے دکھائوں گا اگر میں نے پیسے بنانے ہوتے تو سیاست میں کیوں آتا۔ نواز شریف کے نام پر کچھ نہیں سب کچھ ان کے بچوں کے نام پرہے میں اور میری پارٹی کی لیڈر شپ الیکشن بعد میں لڑے گی پہلے اپنے اثاثے ڈکلیئر کریں گے‘ سیاست میں آنے سے پہلے تو نواز شریف اور آصف زرداری کے نام سے کوئی واقف ہی نہ تھا، سپریم کورٹ میں جمائمہ خان نے جو ریکارڈ بھیجا اس پر میں ان کا شکر گذار ہوں 13 سال ہماری طلاق کو ہوگئے لیکن انہوں نے پندرہ سال پرانا ریکارڈ بھجوا دیا‘ ن لیگ اپنے خلاف فیصلے پر تاثر دے رہی ہے کہ اس کے خلاف یہ فیصلہ سازش کے تحت ہوا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے میں سازش کا کوئی عنصر نہیں سارا پاکستان تبدیلی چاہتا ہے مجھے مسلم لیگ ن کے حالات اچھے نظر نہیں آتے انہیں پانچ سال پورے کرنے چاہئیں لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا‘ کرپشن پر قابو پائیں گے تو ملک میں سرمایہ کاری آئے گی لیکن اس کیلئے ضروی ہے کہ ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں دریں ۔اثناء عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میاں نواز شریف قومی دانش کا مذاق اڑا رہے ہیں جو اپنے بھائی کو وزیراعظم نامزد کر رہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ ان کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا حکم دے چکی ہے، یہ شرم کا باعث ہے کہ نوازشریف اپنی مظلومیت کا کارڈ کھیل رہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے نیب کو حکم دیا ہے کہ ان کے خلاف ریفرنس دائر کرے۔ ان کا اقامہ بھی آسانی سے بچ نکلنے کا راستہ تھا، انٹر نیشنل ایگریمنٹ یو اے ای پابند تھا کہ وہ بینک کی اطلاعات مہیا کرے۔ پارلیمانی اجلاس کے بعد صحافیوں کو شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہم جمہوری قدروں کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ نواز شریف کے خلاف فیئر ٹرائل ہوا جمہوریت کے خلاف نہ سازش ہے نہ ہوگی عوام یوم تشکر کے جلسے میں شریک ہوں۔ عمران خان قوم کے سامنے نیا لائحہ عمل رکھیں گے۔ ہمیں حق نہیں کہ مسلم لیگ ن کے اندرونی معاملات میں دخل دیں لیکن شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے سے پاکستان کی سبکی ہوسکتی ہے وزیراعظم ہوں گے تو نیب کی پیشیاں بھگتیں گے۔ شہبازشریف کیخلاف ریفرنس ضرور دائر کرینگے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ کرپشن کے شکنجے میں جکڑنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ نوازشریف صرف اپنے کرپٹ ساتھیوں پر بھروسہ کر سکتے ہیں۔ شاہد خاقان دو ارب ڈالر کے ایل این جی فراڈ میں ملوث ہیں۔ نوازشریف کی طرف سے مظلومیت کا ڈرامہ کھیلنا شرم کی بات ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق ق لیگ نے شیخ رشید کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔