مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی میٹنگ میں 190 ارکان کی شرکت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) عبوری مدت کے لئے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دلوانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ شیخ آفتاب حسین کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے انکو مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کی حاضری یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔ شیخ آفتاب نے نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے بتایا مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 190 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی اور نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا عبوری وزیراعظم کے ساتھ ہی وفاقی کابینہ بھی حلف اٹھا لے گی جس کے بعد وزیراعظم قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میاں نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے اور انکے تمام فیصلوں کی تائید کرتی ہے۔