• news

برطانیہ شریف خاندان کے اثاثوں کی چھان بین کر کے پاکستان کو واپس کرے: ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل

لندن (عارف چودھری) پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دئیے جانے کے بعد ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل برطانیہ نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا برطانیہ میں شریف خاندان کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے اور انہیں پاکستان کو واپس لوٹانے کا انتظام کیا جائے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل برطانیہ کے ڈائریکٹر آف پالیسی ڈنکن ہیمس نے نواز شریف کی نااہلی پر ادار ے کا باضابطہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غیرممالک سے لوٹی گئی دولت سے برطانیہ میں بنائے گئے اثاثوں کو ان ممالک کے لوگوں کو واپس لوٹانے کے لئے فوری کارروائی کی جائے۔ جب تک برطانوی حکومت اس کام کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار نہیں لاتی تب تک برطانیہ دنیا بھر سے لائی گئی ’’غلیظ دولت‘‘ جمع کرانیوالوں کا محفوظ ٹھکانہ بنا رہے گا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں 2016ء کی لندن اینٹی کرپشن سمٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اس اجلاس میں خود برطانوی حکومت نے کہا تھا کہ غیرملکی کمپنیوں کے اصل مالکان کا باقاعدہ اور قانونی ریکارڈ رکھا جائیگا اور اس مقصد کیلئے ضروری قانون سازی بھی ایک سال میں مکمل کر لی جائے گی لیکن حکومت برطانیہ نے اس بارے میں تاحال کچھ بھی نہیں کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن