• news

عمران نہیں قائداعظم کا پاکستان مانتا ہوں، کشمیری 70 برس سے الحاق کیلئے لڑ رہے ہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفر آباد/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ عمران نے ایک سال میں کشمیریوں کے بارے میں کتنی مرتبہ بات کی، میں نہیں مانتا اس کے پاکستان کو میں قائداعظم کے پاکستان کو مانتا ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صرف پانامہ پانامہ لگا رکھا ہے، عمران جو پاکستان چاہتے ہیں وہ قائداعظم کا پاکستان نہیں، میں اس پاکستان کی بات کرتا ہوں جس کا قائداعظم نے بتایا تھا۔ ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے بارے میں عمران کی ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے۔ راجہ فاروق حیدر کشمیریوں کے مقبول لیڈر اور نواز شریف کے جانثار کارکن ہیں، عمران خان کی جھوٹ اور بدتمیزی کی سیاست کو کشمیری عوام نے مسترد کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت کے ساتھ وابستہ ہے۔ ہفتہ کے روز کی پریس کانفرنس کو جس طرح شائع کیا گیا اس کی تردید کرتا ہوں۔ پاکستان کی سلامتی کشمیریوں کیلئے خوشحالی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پریس کانفرنس کی ویڈیو موجود ہے جس میں ایسی کوئی بات نہیں جیسا کہ خبر کا متن بنایا گیا۔ نواز شریف میرے قائد ہیں انہیں اپنا وزیراعظم کہنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کشمیری 70سال سے پاکستان کا حصہ بننے کی جدو جہد کر رہے ہیں۔ پاکستان کیخلاف کوئی بات کرے تو ہمیں تکلیف ہوتی ہے، ہماری جان پاکستان کے اندر ہے۔ کشمیری الحاق پاکستان کے خلاف کسی اور آپشن کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے۔ اس وقت پاکستان میں عملاً کوئی حکومت نہیں، ٹرمپ انتظامیہ کا اہم نمائندہ پاکستان کا پہلا دورہ کر رہا ہے اتنے اہم دورے پر امریکی نمائندہ کس سے ملاقاتیں کرے گا، کسی کو پتہ نہیں، ملک میں محب وطن کا سر ٹیفکیٹ دینا بند ہونا چاہئے۔ 3 اگست کو امریکی نائب صدر پاکستان آ رہے ہیں وہ اب کس سے ملاقات کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میری گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کو ایک ذمہ دار انگریزی اور اردو اخبار نے جس انداز میں شائع کیا اس کی تردید اور مذمت کرتا ہوں۔ کل بحیثیت کشمیری پریس کانفرنس کی جن کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے۔ جب بھی یہاں حالات خراب ہوتے ہیں تو اس کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کرنا میرا بنیادی حق ہے۔ نواز شریف ہمارے قائد ہیں، میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ جس جگہ بھی انہیں میری ضرورت پڑی فاروق حیدر بطور کارکن ان کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ اس وقت میں پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، اعلیٰ عدلیہ کے فیصلہ پر تحفظات تھے اور رہیں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ”وزیراعظم کی نااہلی بغاوت ہے“ کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بغاوت لفظ استعمال ہی نہیں کیا تھا۔ ایک نیوز ایجنسی نے بغاوت کے لفظ کو مجھ سے منسوب کیا جو کہ سراسر بے بنیاد اور صحافتی اقدار کے منافی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر

ای پیپر-دی نیشن