• news

نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور گوجرانوالہ شیخوپورہ اسلام میں ریلیاں جلسے

لاہور/ گوجرانوالہ/ شیخوپورہ/ اسلام آباد (خبرنگار + نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور‘ گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) نے ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں رہنمائوں و کارکنوں نے وزیراعظم نوازشریف اور ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے کے نعرے لگائے۔ ریلی میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ خواجہ احمد حسان نے کہا سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم کی نااہلی کے فیصلے پر حیرت ہوئی۔ نوازشریف کو صرف ملک کی ترقی کی سزا ملی۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مسلم لیگ (ن) دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔ رائے ونڈ میں بھی مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری عبدالغفور کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک شرکاء نے نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا قدم بڑھائو نوازشریف ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ دریں اثنا رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر نے کارکنان کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا۔ مسلم لیگ (ن) پی پی 157 سے امیدوار ایم پی اے ملک منصب فرمائش اعوان کی قیادت میں نوازشریف کی نااہلی کے خلاف مناواں جی ٹی روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا گیا۔ اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق خداداد ہائٹس سے انجم عقیل خان کی قیادت میں یوتھ ونگ کی ریلی نکالی گئی۔ جی ٹین‘ ایف ٹین‘ گولڑہ‘ جی نائن سے ہزاروں گاڑیاں‘ موٹرسائیکل ریلی میں شریک ہوتے رہے۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے کارکنان سارے راستے نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ انجم عقیل خان نے اس موقع پر کہا نوازشریف قوم کے محسن ہیں۔ وہ عوام کے دلوں میں رہتے ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے توفیق احمد بٹ کی قیادت میں میاں نوازشریف سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی گلشن اقبال پارک سے شروع ہوکر غلام دستگیر خان کے گھر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ کارکنوں نے جھنڈے و بینرز اٹھا رکھے تھے اور فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر ایم پی اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم بتاتا چاہتے ہیں نوازشریف کی حکمرانی عوام کے دلوں پر ہے۔مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خان نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہانواز شریف عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ، اربوں روپے کے الزامات عائد کرنے والوں کو میاں نواز شریف پر ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت نہ مل سکا، عوام اطمینان رکھیں ان کا وزیراعظم صادق بھی ہے اور امین بھی، شریف خاندان کوعدالت سے انصاف نہ مل سکا لیکن2018ء میں پاکستان کے عوام ضرور انصاف کریںگے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ضلع بھر سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی، چیئر مین ضلع کونسل، چیئرمین میونسپل کمیٹی، مقامی عہدیداران کی قیادت میں ریلیاں نکالی گئیں جس میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پیر اشرف رسول ایم پی اے کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) تحصیل فیروزوالہ نے ریلی نکالی پیر اشرف ایم پی اے نے وزیراعطم نوازشریف اور امن ہو یا جنگ نواز شریف کے سنگ کے نعرے لگوائے، مشتعل کارکنوں نے ٹائرجلا کر لاہور مریدکے جی ٹی روڈ بند کر دیا۔ ادھر چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور کی قیادت میں ممبران ضلع کونسل،لیگی کارکنوں اور مقامی عہدیداروں نے احتجاجی ریلی نکالی جو کہ ناروال چوک سے شروع ہو کر پرانا بلدیہ روڑ پر اختتام پذیر ہو گئی۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف سندھیلہ ایم پی اے نے اپنیرہائش گاہ پر پارٹی عہدیداروں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف کا دامن صاف ہے کرپشن کا الزام لگانے والوں نے ایک بھی الزام ثابت نہیں کیا عمران خان غیر سنجیدہ سیاستدان ہیں اور وہ ان قوتوں کے اعلیٰ کار بنے ہوئے ہیں جو ملک میں ترقی جمہوریت کو چلنے نہیں دینا چاہتے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما میاں محمد جاوید لطیف ایم این اے نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے نواز شریف کروڑوں پاکستانیوں کے دل میں بستے ہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں بہت بار مختلف طریقوں سے گرائی گئیں، ہم پر امن ہیں مگر اپنی سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، تین نسلوں کا احتساب ہوا مگر کچھ برآمد نہیں ہواپھر بھی نا اہلی کا فیصلہ سنا کر عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونیوالے وزیر اعظم کو نا اہل کردیا گیا، ہمارا یقین ہے کہ ملک کے اندر آئین و قانون کی پاسداری ہونی چاہئے مگر احتساب کی آڑ میں سیاسی حقوق کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ضلعی جنرل سیکرٹری و ممبر ڈسٹرکٹ اسمبلی بینش قمر ڈار نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ن لیگ کی موجودہ حکومت نے سازشوں اور دھرنوں کے باوجود اپنے چار برسوں میں بے پناہ کا میابیاں سمیٹیں اور مخالفین کو واضح نظر آرہا تھا نواز شریف نے ایک سال اور نکال دیا تو ان کی سیاست منوں مٹی تلے دفن ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن