.عمران خاں ہمیشہ ’’خیالی وزیراعظم‘‘ رہیں گے: رانا ثنا 9 ہزار کر سیوں پر لاکھوں افراد بٹھانے کا ’’فن‘‘ تحر یک انصاف کو ہی آتا ہے، ترجمان پنجاب حکومت
لاہور (آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیشہ ’’خیالی وزیراعظم‘‘ ہی رہیں گے جس پر کوئی پابندی نہیں۔ تحریک انصاف چور دروازے سے بھی کبھی اقتدار میں نہیں آسکے گی، سڑکوں پر ذلیل ہونا انکے مقدر میں لکھا جا چکا ہے‘ نوازشریف آنیوالے دنوں میں جب عوام میں نظر آئیں گے تو تحریک انصاف کے پاس پھر رونے کے سوا کچھ نہیں ہوگا‘ پنجاب میں وزیراعلیٰ کون ہوگا اسکا فیصلہ پارٹی قیادت نے ہی کرنا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان جس دن سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اس دن سے اسکے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت کے خلاف ہونیوالی ہر سازش میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔ عمران خان کی وزیراعظم کی بننے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ نوازشر یف سے تحریک انصاف اب بھی خوفزدہ ہیں۔ تر جمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پر یڈ گرائونڈ میں 9 ہزار کرسیوں پر لاکھوں افراد بیٹھانے کا ’’فن‘‘صرف تحریک انصاف کو آتا ہے، تحریک انصاف دن کی روشنی میں جلسے ’’بے نقاب‘‘ ہونے کے خوف سے رات کے اندھیرے کو سہارا لیتی ہے۔ تحریک انصاف کے جلسے پر اپنے ردعمل میں ملک محمد احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے پریڈ گرائونڈ میں جھوٹ بولنے اور بڑھکیں مارنے کے سوا کچھ نہیں کیا اور وہاں کی انتظامیہ خود کہتی ہے کہ اس نے 9 ہزار کرسیاں لگائیں مگر عمران خان وہاں لاکھوں افراد کی موجودگی کا دعویٰ کر رہے ہیں اس سے بڑا جھوٹ اور کیا ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ سے شروع ہوتی ہے اور جھوٹ پر ختم ہو جاتے ہیں عمران خان نواز شریف کے بعد اب شہبازشریف سے بھی خوفزدہ ہوچکے ہیں کیونکہ عمران خان کو ہر میدان میں اپنی شکست ہی ہوگی۔