کراچی: فائرنگ‘ پُرتشدد واقعات میں 3افراد جاں بحق‘ 2 زخمی‘ بوری بند نعش برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) گلشن اقبال میں کچرا کنڈی سے خاتون کی نعش برآمد‘ تشدد کرکے ہلاک کیا گیا‘ 35 سالہ خاتون کی بوری بند نعش اتوار کو نیپا چورنگی کے قریب شان ہسپتال کے سامنے کچرا کنڈی سے ملی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں اور نعش کم از کم ایک ہفتہ پرانی ہے‘ فوری طور پر مقتولہ کی شناخت نہیں ہو سکی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سینئر کارکن اور یونین کونسل کے وائس چیئرمین سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ سینئر کارکن محمد راشد عرف ماموں یونین کونسل نمبر 13 شاہ فیصل کالونی کے وائس چیئرمین کو گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا‘ حملہ کرنے والے موٹر سائیکل پر سوار تھے‘ فرار ہو گئے‘ قریشی مارکیٹ کے قریب مسلح افراد نے 30 سالہ دانیال کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے جبکہ کالا پل کے قریب ہزارہ کالونی میں نامعلوم افراد نے امتیاز احمد نامی شخص کو چھری کے وار کر کے ہلاک کر دیا‘ مقتول کارپینٹر تھا۔ اس کے علاوہ سائٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 22 سالہ محمد کلیم ولد محمد نعیم زخمی ہو گیا۔ شیر شاہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم یاسر عرف بھولا کا تعلق مبینہ طور پر لیاری گینگ وار سے ہے اور وہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے مفرور تھا۔ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے تیل کی چوری میں ملوث گینگ کے چار کارندے گرفتار کر لئے، ملزمان کا گروپ آٹھ افراد پر مشتمل ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک ماہ میں 52 فٹ کھدائی کرکے کراچی سے ملتان جانے والی ڈیزل کی مین لائن سے لاکھوں روپے کا تیل چوری کیا۔ پولیس نے ملیر ندی سے چار ملزمان دھر لئے‘ ملزمان چار سوفٹ پائپ کی مدد سے آئل ٹینکر بھرتے تھے۔ ملزمان کے مطابق ایک ٹینکر دو گھنٹے میں بھرتے جسے کاٹھور پر بختار نامی شخص کو پانچ لاکھ روپے میں فروخت کرتے‘ مارکیٹ میں تیل کے ٹینکر کی مالیت چودہ لاکھ روپے سے زائد ہے۔