• news

سی پیک خواب نہیں حقیقت‘ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کا ضامن: میجر جنرل ندیم انجم

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم نے کہا ہے کہ پا کستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں۔ بلوچستان کے عوام کو معلوم ہو چکا ہے کہ بیرون ملک بیٹھ کر عیش و عشرت کی زندگی گزارنے والے نہ بلوچستان اور نہ ہی پا کستان کے نمائندے ہیں، پاک فوج اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اوّلین ترجیح پرامن، مستحکم ترقی کرتا ہوا بلوچستان ہے ، سی پیک منصوبہ اب خواب نہیں حقیقت بن چکا ہے جو بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کا ضامن ثابت ہوگا، نوجوان ملک کی کمان اپنے ہاتھ میں لیکر اسکی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کی شب کوئٹہ میں تیسری ماڈل یونائیٹد نیشن کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئی کہی۔کانفرنس میں ملک بھر سے 400 سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا، تقریب میں صوبائی کمشنر بوائے سکائوٹس عبدالقیوم بابئی، صوبائی چیف یونیسف ڈیوڈ اگلو سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے ، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں نے قیام پا کستان سے اب تک پا کستان کیلئے بے شمارقربانیاں دی ہیں، جب قائد اعظم محمد علی جناح نے مستونگ اسکائوٹس کا دورہ کیا تو نوجوانوں نے پاکستان کے قیام کیلئے چندہ اکٹھا کر کے دیا، اسکے علاوہ بلوچستان کے ہزاروں آفیسران اس وقت پاک فوج، ائیر فورس، نیوی میں خدمات سرانجا م دے رہے ہیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں جوانوں نے قیام امن کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قریانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو معلوم ہوچکا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، اس کیلئے اب وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو ورغلا رہے ہیں اور اس سب کیلئے وہ یورپ میں بیٹھے اپنے آلہ کار لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں جو اپنے چند لوگوں جو بلوچستان کا ایک فیصد بھی نہیں بنتے کے ذریعے یہاں کے نوجوانوں کو تعلیم چھوڑ کر ہتھیار اٹھا نے اور پہاڑوں پر جا کر اپنے ہی لوگوںکے خلاف جنگ لڑنے کی ترغیب دے رہے ہیں لیکن بلوچستان کے نوجوان اب با شعور ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن