ایم کیو ایم کارکنوں کو لندن سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں: فاروق ستار
کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ کارکنان کو لندن سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اب مہاجر مقتول اور مہاجر قاتل کی سیاست ختم ہوجانی چاہیے، ڈاکٹر فاروق ستار، میئرکراچی وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی اور دیگر افراد نے ملیرالفلاح میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے وائس یوسی چیئرمین محمد راشد کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ اب مہاجر مقتول اور مہاجر قاتل کی سیاست ختم ہوجانی چاہیے۔ ہم عدم تشدد کی پالیسی پر کاربند ہیں ، ایک بار پھر شروع ہونے والا قتل و غارت گری کا سلسلہ کراچی کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہماری صفوں میں مقتول تو ملے گا لیکن قاتل نہیں، ریاست کی ذمہ دار ی ہے کہ ہمیں پروٹیکشن دی جائے۔ ایکشن نہ لیا گیا تو مشکلات پیدا ہوں گی۔ ڈاکٹرفاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنوں کے قتل کی بھی مذمت کی۔