.پاکستان کرکٹ بورڈ کے 32 ویں چیئرمین کا انتخاب 9 اگست کو ہوگا
لاہور (چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ کے 32 ویں چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 9 اگست کو ہوگا۔ بورڈ کے موجودہ چیئرمین شہریار خان اپنی دوسری مرتبہ چیئرمین کی مدت 6 اگست کو پوری کر کے رخصت ہو جائیں گے جبکہ انکی جگہ نئے چیئرمین کیلئے نجم سیٹھی مضبوط امیدوار ہونگے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق سابق جج افضل رضوی کو نئے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلئے الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے جمعہ کے روز پی سی بی ہیڈکوارٹر میں حکام سے ملاقاتیں بھی کی تھی آج سے باقاعدہ اپنے کام کا آغاز کردینگے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے نئے پی سی بی گورننگ بورڈ کیلئے دو نام بھجوا رکھے تھے جن میں سے ایک نجم سیٹھی اور دوسرا حارث حبیب کا ہے۔ نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ سیٹ اَپ میں بھی بطور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کی حیثیت سے کام انجام دے رہے ہیں، نئے چیئرمین کے عہدہ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ پی سی بی الیکشن کمشنر سابق جج افضل رضوی کی جانب سے 9 اگست کو نئے گورننگ بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کرینگے جس میں نئے گورننگ بورڈ کے اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائیگا۔ نئے گورننگ بورڈ میں چار ریجن جن میں لاہور، کوئٹہ، فاٹا اور سیالکوٹ اس کا حصہ بنیں گے جبکہ چار ڈیپارٹمنٹس جن میں واپڈا اور یوبی ایل پہلے سے برقرار رہیں گے جبکہ قائد اعظم ٹرافی میں اچھی کارکردگی دکھانے والے ادارے حبیب بینک اور سوئی سدرن گیس بھی گورننگ بورڈ کا حصہ ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے مضبوط امیدوار نجم سیٹھی اس سے قبل بھی دو مرتبہ چیئرمین کے عہدے پر تعینات ہو چکے ہیں پہلی مرتبہ 23 جون 2013ء کو وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی جانب سے نجم سیٹھی کو عدالتی احکامات کی روشنی میں قائم مقام چیئرمین پی سی بی مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ نجم سیٹھی تقریباً 6 ماہ تک اس عہدہ پر فائزہ رہے۔ جنوری 2014ء میں ذکاء اشرف کو عدالت نے بطور چیئرمین بحال کردیا۔ جنوری سے فروری تک نجم سیٹھی اور ذکاء اشرف کے درمیان عدالتی جنگ جاری رہی۔ نجم سیٹھی نے دوسری مرتبہ فروری 2014ء سے 16 مئی 2014ء تک بطور چیئرمین پی سی بی فرائض انجام دیئے تاہم ذکاء اشرف کی جانب سے مسلسل عدالت میں کیس لڑنے کی وجہ سے نجم سیٹھی کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں تحریری طور پر لکھ کر دینا پڑا تھا کہ وہ چیئرمین کے عہدہ کے امیدوار نہیں ہیں جس کے بعد موجود چیئرمین شہریار خان کا انتخاب مئی 2014ء میں ہوگیا تھا جو 6 اگست 2017ء کو اپنی تین سالہ مدت مکمل کر کے رخصت ہوجائیں گے۔ 9 اگست کو ہونے والے پی سی بی الیکشن کمشن میں نجم سیٹھی تیسری مرتبہ چیئرمین پی سی بی بن جائیں گے۔