• news

آل پاکستان مسلم لیگ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس‘ مشرف کو ملک واپس آنے کا مشورہ

فیصل آباد/اسلام آباد(آن لائن) آل پاکستان مسلم لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز یہاں ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کی۔اجلاس میں فیڈرل کیپیٹل اور آزاد جموں کشمیر سمیت ملک کے چاروں صوبوں سے پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور 12اگست کو فیصل آباد میں اے پی ایم ایل اور اتحادی جماعتوں کے بڑے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی راہنمائوں نے پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو تیسری سیاسی قوت کو بھرپور انداز میں سامنے لانے کے لئے انتہائی موزوں قرار دیا۔ پارٹی راہنمائوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایسی قیادت کا فقدان ہے جو ملک و قوم کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکے۔ اے پی ایم ایل کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف واحد شخصیت ہیں جو اپنے دور اقتدار میں یہ ثابت کر چکے ہیں کہ صرف انہی کی قیادت میں ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔ پارٹی راہنمائوں نے سید پرویز مشرف کو مشورہ دیا کہ وہ 12اگست کو اے پی ایم ایل کے فیصل آباد میں ہونے والے جلسے میں بنفس نفیس شرکت کریں۔ اجلاس کے شرکاء سے اپنے خطاب میں پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ وہ خود بھی چاہتے ہیں کہ پرویز مشرف خود آکر پارٹی کی قیادت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی رائے پارٹی سربراہ کو پہنچائی جائے گی جس پرغور کرنے کے بعد پرویز مشرف وطن واپسی کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں دھوبی گھاٹ کو ایک تاریخی مقام حاصل ہے۔ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر پہلا بڑا عوامی جلسہ بھی فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ ہی میں کریں گے۔ سید فقیر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کا بھارت کو کوئی حق حاصل نہیں۔ لگتا ہے نوازشریف کے حواری انہیں اڈیالہ جیل پہنچا کر دم لیں گے۔ پارٹی کی آرگنائزنگ سیکرٹری مہرین ملک آدم نے کہا کہ احتساب کے عمل کا آغاز خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن