:برطانیہ اور یورپ میں مسئلہ کشمیر پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے: مسعود خان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ میرے دورہ یورپ کے دوران جن سیاسی رہنماﺅں، ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے گفتگو اور ملاقاتیں ہوئیں انہوں نے ہمدردی سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا اور بھارتی مظالم کی کھل کر مذمت کی۔ اس سلسلے کو آگے بڑھانے اور یورپی رہنماﺅں سے مسلسل رابطہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنا پیغام یورپی اقوام تک پہنچایا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر غیر جانبدار رہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیریوں کی نسل کشی پر خاموشی غیر جانبداری نہیں بلکہ بھارت کے حق میں جانبداری ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت یو کے اور یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔