ساہیوال: گیسٹرو سے 3افراد چل بسے، گھریلو جھگڑوں پر 2نے خود کشی کر لی
ساہیوال (نامہ نگار) ضلع ساہیوال میں گیسٹرو سے 3افراد جاں بحق درجنوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں 4کی حالت نازک ہے۔ گیسٹرو کی بیماری دوبارہ پھوٹ پڑی ہے اور درجنوں افراد کو سول ہسپتال لایا گیا ۔چک6-86آر کی 50سالہ یٰسمین ، چک 10-3ایل ہڑپہ کا 60محمد علی اور شاد مان ٹائون کے 50سالہ محمد لطیف کو گیسٹرو کے سبب سول ہسپتال بیہوشی کی حالت میں لایا گیا جہاں تینوں نے دم توڑ دیا جبکہ روبینہ 35سالہ، صبیحہ8سالہ، سکینہ 18سالہ اور حنیف 50سالہ کی ہسپتال میں حالت نازک ہے۔ مزید برآں گھریلو تنازعہ پر واپڈا کالونی ریلوے اسٹیشن پر ایک واپڈا ملازم مبشر جاوید نے زہر کھا لیا جبکہ بیوی سے جھگڑ کر محمود احمد نے بھی زہر پی کر خود کشی کر لی دونوں جاں بحق۔ واپڈا کالونی ساہیوال کے مبشر جاوید 50سالہ کا بیوی بچوں سے گھریلو جھگڑا ہوگیا جس پر دلبرداشتہ ہو کر مبشر جاوید نے زہر پی لیا۔ یوسف والا کے 33سالہ بیٹے محمود احمد کا بیوی سے جھگڑا ہوگیا جس پر دلبرداشتہ ہو کر زہر پی لیا۔ دونوں کو سول ہسپتال لایا گیا جہاں دونوں نے دم توڑ دیا۔