جزیرہ نما کوریا پر امریکی اور اتحادی لڑاکا طیاروں کی پروازیں
واشنگٹن (نیٹ نیوز + اے ایف پی) امریکہ کی فضائیہ کے دو بی۔ون بی بمبار طیاروں نے جنوبی کوریا اور جاپان کے لڑاکا طیاروں کے ساتھ مل کر ہفتہ کو جزیرہ نما کوریا پر پروازیں کیں۔ یو ایس پیسیفک کمانڈ کا کہنا تھا کہ یہ مشن شمالی کوریا کے تین اور 28 جولائی کو کیے گئے بین البراعظمی "اشتعال انگیز میزائل تجربات" کے "براہ راست ردعمل" میں کیا گیا۔ "شمالی کوریا بدستور خطے کے استحکام کے لیے فوری خطرہ ہے۔ سفارتکاری اب بھی مقدم ہے تاہم انتہائی خراب صورتحال میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ملک اور اپنے اتحادیوں کے لیے اپنے ہر دم تیار رہنے کا عزم ظاہر کر سکیں۔" ادھر امریکہ نے جنوبی کوریا میں نصب کئے جانے والے تھاڈ میزائل سسٹم کی جانچ کیلئے ایک اور میزائل تجربہ کیا ہے۔