محمد وسیم نے پانامہ کے باکسر کو شکست دے کر رینکنگ فائٹ جیت لی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) پاکستانی چیمپئن باکسر محمد وسیم نے ملک کے لیے کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے پانامہ کے باکسر کو تیسرے ہی راﺅنڈ میں ناک آﺅٹ کرکے فائٹ جیت لی۔ محمد وسیم اس وقت ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی)کی سلور فلائی ویٹ کیٹگری میں عالمی نمبر ایک باکسر ہیں اور انہیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے وسطی امریکی ملک پاناما کے باکسر ایوان ٹریجوس (Ivan Trejos) کا چیلنج درپیش تھا۔ فائٹ کے آغاز سے ہی محمد وسیم نے بجلی کی سی تیزی اور چیتے جیسی پھرتی دکھاتے ہوئے حریف کھلاڑی پر تابڑ توڑ مکے بازی شروع کردی۔ محمد وسیم کے ون ٹو ون پنچز ایوان ٹریجوس کو میچ کے ابتدائی لمحات سے ہی شکست کی جانب دھکیلتے رہے اور تیسرے ہی راﺅنڈ حریف باکسر کو ناک آﺅٹ کردیا۔ اپنی جیت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں محمد وسیم نے کامیابی حاصل کرنے پر اللہ کا شکرادا کیا جبکہ انہوں نے ان کے لئے دعائیں کرنے والے شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اپنی جیت کے ساتھ ہی محمد وسیم نے ڈبلیو بی سی سلور فلائی ویٹ کیٹگری میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ پروفیشنل باکسنگ میں محمد وسیم کی یہ مسلسل ساتویں کامیابی ہے جبکہ وہ اب تک ناقابل شکست ہیں۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم 17 جولائی 2016 کو جنوبی کوریا کے شہر سیﺅل میں ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر سلور بیلٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بن گئے تھے۔ بعد ازاں نومبر میں محمد وسیم نے سیﺅل میں ہی ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ گذشہ ماہ جون میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ میں محمد وسیم کو فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک باکسر بنے کا اعزاز حاصل ہوا جسے انہوں نے اپنے اور ملک کیلئے باعث فخر قرار دیا تھا۔ خیال رہے کہ رواں ماہ 6 جولائی کو محمد وسیم نے پاناما کے ایلیسر والڈیز کو دوسرے ہی راونڈ میں ناک آٹ کرتے ہوئے 8 راونڈز پر مشتمل فائٹ جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ سپانسر شپ کے مسائل کے سبب چھ ماہ تک فیلکن خان کے نام سے مشہور محمد وسیم باکسنگ رنگ سے دور رہے تھے۔ محمد وسیم کے پروموٹر کا کہنا ہے کہ وسیم کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چیمپئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چیمپئن جاپان کے ڈیگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ گولڈ فلائی ویٹ ٹائٹل کے لیے رواں سال کے آخر میں جاپان کے باکسر ڈیاگو اومیگا سے محمد وسیم کی فائٹ متوقع ہے۔ جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پانامہ میں فائٹ کے لیے سخت محنت اور تیاری کی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلی رینکنگ فائٹ کولمبیا میں ہو گی۔انہوں نے اپنے اگلے ہدف کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کولمبیا کی فائٹ کے بعد میرا ہدف ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل ہے۔