• news

چلڈرن ہسپتال میں بلڈ کینسر میں مبتلا بچوں کے بون میروٹرانسپلاٹیشن پراجیکٹ مکمل

لاہور (نیوز رپورٹر) 240ملین روپے کی گرانٹ سے بلڈ کینسر میں مبتلا بچوں کے بون میروٹرانسپلاٹیشن کا پراجیکٹ چلڈرن ہسپتال میں مکمل ہوگیا ہے اور ڈاکٹرز، نرسز و پیرامیڈیکل سٹاف کی سپرسپیشلٹی میں سندھ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈزیز سے ٹریننگ مکمل ہوگئی ہے جبکہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کی ٹیم نے چلڈرن ہسپتال میں قائم ہونے والے بون میروٹرانسپلانٹ سینٹر کا معائنہ بھی کرلیا ہے۔ یہ بات سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم شاہ کی زیرصدارت چلڈرن ہسپتال میں ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ڈین انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر احسن وحید راٹھور، بون میروٹرانسپلاٹیشن پراجیکٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی، پروفیسر ہما ارشد چیمہ، بی ایم ٹی سینٹر کی انچارج کنسلٹنٹ ڈاکٹر مہوش فیضان کے علاوہ سپرسپیشلٹی میں تربیت مکمل کرنے والے ڈاکٹرزوسٹاف نے بھی شرکت کی۔ پروفیسر احسن راٹھور نے سیکرٹری ہیلتھ کو بتایا کہ بون میروٹرانسپلانٹ سینٹر کا انچارج ڈاکٹر مہوش فیضان کو مقرر کیا گیا ہے جو برمنگم ہسپتال برطانیہ سے دوسال کی ٹریننگ حاصل کر چکی ہیں۔پروفیسر راٹھور نے مزید کہا کہ سندھ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کراچی سے چھ ڈاکٹر اور چھ نرسز کو بطور ماسٹر ٹرینر تربیت دلوائی گئی تھی، ان ماسٹر ٹرینرز نے گزشہ چھ ماہ کے دوران مزید 60ڈاکٹرز، نرسز کو تربیت فراہم کردی ہے اور PHOTA کی ٹیم نے سینٹر کا دورہ کرکے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم باقاعدہ اجازت چند دن میںآجائے گی اور اگست کے دوسرے ہفتے میں پہلا مریض بچہ بون میرو آپریشن کے لئے داخل کیا جائے گا۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق کو ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال لاہور کی طرح فیصل آباد اور ملتان کے چلڈرن ہسپتالوں میں بھی بون میروٹرانسپلاٹیشن سینٹر قائم کرنے کے لئے فزیبیلٹی رپورٹ تیار کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض بچوں کو یہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ نجم شاہ نے بون میروٹرانسپلانٹ سینٹر میں تربیت مکمل کرنے کے بعد تعینات ہونے والے سٹاف کے جذبہ خدمت کوسراہتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر میں تعینات ہونے والے ڈاکٹرز ، نرسز و دیگر سٹاف دراصل اپنے آپ کو انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کررہے ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ نے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور سے کہا کہ سپرسپیشلٹی میں ڈیڈیکیٹڈ نرسز کے لئے سپیشل کیڈر تشکیل دینے کی سمری وزیراعلی پنجاب کی منظوری کے لئے تیار کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن