عمران نے کہا جیلانی کے بعد ہمارا چیف جسٹس آئیگا نواز شریف نااہل ہونگے :جاوید ہاشمی : ٹکٹ بیچنے والے کے جھوٹ پر افسوس ہوا :چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی ہماری پارٹی کے ٹکٹ پر لوگوں سے پیسے لے رہے تھے۔ ان کے خلاف پارٹی میں رپورٹ تھی کہ انہوں نے پیسے لیے مگر میں نے اسے دبا دیا تھا۔ اب وہ ہم پر چھوٹے الزام لگا رہا ہے۔ آرٹیکل 63,62 کو ختم نہیں ہونا چاہیے چاہے اس پر مجھے ہی نااہل کر دیا جائے ۔ وہ پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی جھوٹ بول رہے ہیں ۔ مجھے جتنی مایوسی ان سے ہوئی اتنی کسی اور سے نہیں ہوئی ۔ 70 مزید لوگوں کے اقامے نکل آئے ہیں۔ نوازشریف اور اسحاق ڈار کے بچے اربوں پتی بن گئے۔ میں کرپٹ مافیا کا مقابلہ کرنے کیلئے آیا ہوں۔ چھوٹا سا طبقہ ملک کو لوٹ رہا ہے۔ ظالم مافیا رہ گیا تو پاکستان نہیں رہے گا۔ عوام نے نوازشریف کو ملک لوٹنے کیلئے منتخب نہیں کیا تھا۔ پوری مسلم لیگ (ن) میں کوئی ایماندار آدمی نہیں ہے۔ کرپٹ آدمی کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء میں دو سیاسی جماعتوں نے آپس میں مک مکا کیا ہوا تھا۔ منی لانڈرنگ ملک کیلئے کینسر ہے ۔ نوازشریف منی لانڈرنگ میں پھنس گئے ۔ آصف زرداری، شہبازشریف، اسحاق ڈار اور سعید احمد منی لانڈرنگ کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان لوگوں کو بھیڑ بکریاں سمجھتا ہے۔ شریف خاندان کی کمپنیاں نقصان میں تھیں اور پھر بھی بچے اربوں پتی بنتے چلے گئے۔ میری نوازشریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔ میں مذاق میں کہتا رہتا ہوں کہ نوازشریف اپنے امپائر رکھ کر کھیلتے تھے۔ میں ان کو 40 سال سے جانتا ہوں‘ وہ کرکٹ کے بہت شوقین تھے۔ مسئلہ یہ ہے کہ نوازشریف کرپشن کرتے ہیں اور انہوں نے ملک میں کرپشن کا پورا نظام بنایا ہے۔ اداروں میں کرپٹ لوگوں کو سربراہ بنایا ہوا ہے۔ ملک بمباری سے نہیں کرپشن سے تباہ ہوتے ہیں۔ لیڈر کو ایماندار اور سچا ہونا چاہئے۔ اگر لیڈر ایماندار اور سچا نہیں تو لوگ کیسے اعتبار کریں گے۔ نااہل ہوا تو پارٹی میں الیکشن کرائوں گا۔ پانامہ انکشافات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کی۔
عمران
ملتان (سپیشل رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ برحلف کہتا ہوں کہ عمران خان نے مجھے کہا کہ تصدق جیلانی کے بعد ہمارا چیف جسٹس آجائے گا جو نوازشریف کو نااہل اور پھر پارلیمنٹ کو تحلیل کر دے گا۔ ستمبر میں الیکشن ہوں گے اور کوئی ہمارے مقابلہ میں آنے کی جرأت نہیں کرے گا۔ میں نے اسے بھی مارشل لاء ہی تصور کیا اور پارٹی سے الگ ہو گیا ۔جب پارٹی میں تھا تو عمران خان کے منہ سے ’’ان‘‘ کے پیغامات کا سُن کر افسوس ہوتا۔ پرویزمشرف بزدل کمزور آدمی تھا ۔ سپریم کورٹ نے اپنی تاریخ کا کمزور ترین فیصلہ دیا ہے۔ سپریم کورٹ مجھے بلائے یا فوج میرا کورٹ مارشل میں نے جو بیان دیا وہ حرف بہ حرف سچ ہے۔ حالیہ فیصلہ سے پارلیمنٹ کمزور ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ کی اتنی کمزور ججمنٹ پر ساری دنیا حیران ہے اور شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ پی ٹی آئی میں مجھے فارورڈ بلاک بنانے کا مشورہ دیا گیا مگر استعفیٰ دیکر خود ہی الگ ہو گیا۔ پاک فوج کے بوٹ پر سب قربان کر دوں کسی ایک آمر کے غیر آئینی عمل کی ذمہ دار پوری فوج نہیں ہے ۔ اپنا علاج خود کرا رہا ہوں کبھی یوسف رضا یا کسی اور سے پیسے نہیں لئے۔ 2014 ء میں دھاندلی کا شور مچا کر اور اب کرپشن کا شور مچا کر دھول اڑائی گئی۔ نوازشریف پر کرپشن تو ثابت ہی نہ ہو سکی احتساب غیر جانبدارانہ ہونا چاہئے ۔ عمران نے اپنا سیاسی مستقبل خودتباہ کر لیا ہے۔ آج ان کی پارٹی کے اندر 7 پارٹیاں بن چکی ہیں۔ غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہوئی تو پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا میں نے ٹیکنوکریٹس کی حکومت قائم کرنے سے متعلق جب عمران کا بیان سنا تو واپس لاہور آگیا کہ مارشل لاء کی بات تو خود عمران کر رہا ہے جس کے بعد مجھے ملتان سے منا کر واپس لے جایا گیا اور عمران نے ٹیکنو کریٹ والا بیان بھی واپس لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میٹنگ میں فیصلہ ہوا کہ ہم آگے نہیں جائیں گے مگر پھر اچانک پتہ نہیں عمران کو کہاں سے ہدایت ملی اور انہوں نے ازخود آگے جانے کا فیصلہ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ جب دھرنا دینے والا قافلہ گوجرانوالہ پہنچا توکچھ افراد نے ٹرک پر پتھرائو کیا۔ اس دوران شیخ رشید‘ عمران خان کو لیکر ٹرک میں منہ کے بل نیچے لیٹ گیا۔ میں نے اس کی بزدلی کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ عمران نے اظہار تشکر کے موقع پر غنڈے اور بھگوڑے پرویز مشرف کا تصور پیش کیا۔ ضیاء الحق کے دور سے لیکر آج تک سسٹم کی لڑائی لڑ رہا ہوں۔