• news

.لاہور واپسی پر استقبال‘ نوازشریف نے ساتھیوں سے تجاویز مانگ لیں

لاہور (خصوصی رپورٹر) محمد نوازشریف نے اپنی لاہور واپسی کے موقع پر استقبال کے حوالے سے اپنے ساتھیوں سے تجاویز مانگ لی ہیں جن کی روشنی میں وہ اپنے پروگرام کو حتمی شکل دیں گے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) لاہور کے مرکزی دفتر میں پنجاب پبلک افیئرز یونٹ کے ممبران‘ مسلم لیگ (ن) لاہور کے عہدیداران‘ ممبران پنجاب اسمبلی‘ چیئرمین یونین کونسل کا مشترکہ اجلاس پرویز ملک ایم این اے کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں نوازشریف کا لاہور میں استقبال اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کا انتخاب کے دو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ شرکاء میں پرویز ملک کے علاوہ مہر اشتیاق‘ سید توصیف شاہ‘ رمضان صدیق بھٹی ایم پی اے‘ چودھری شہباز ایم پی اے‘ عامر خان‘ اظہر فاروقی‘ سہیل بٹ راڈو والا‘ شیخ نذیر نمایاں تھے۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی بذریعہ جی ٹی روڈ یا بذریعہ جہاز آمد کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے جی ٹی روڈ سے نوازشریف کی آمد کو بہتر سیاسی آپشن قرار دیا گیا اور تجویزپیش کی گئی اس صورت میں راوی پل پر شایان شان استقبال کیا جا سکے گا جبکہ راولپنڈی سے لاہور کے راستے میں پنجاب کے مختلف علاقوں سے آنے والے شاندار استقبال کریں گے۔ نوازشریف بذریعہ جہاز لاہور آتے ہیں تو ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے حوالے سے بھی تجاویز پر غور کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے اس حوالے سے تجاویز مرتب کر لی گئی ہیں اور انہیں پبلک افیئرز یونٹ پنجاب کے چیئرمین میاں حمزہ شہباز کو پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا اجلاس میں طے کیا گیا این اے 120 کی انتخابی مہم پبلک افیئرز یونٹ‘ مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران‘ ممبران قومی و پنجاب اسمبلی‘ چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور کونسلر یونین کونسلز مشترکہ طورپر چلائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن