پابندیاں ہی مناسب اقدام‘ شمالی کوریا سے مذاکرات کا وقت گزر چکا‘ امریکہ نے چین سے پھر مدد طلب کر لی
واشنگٹن (آن لائن+اے پی پی) امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کا وقت اب ختم ہو چکا ہے جبکہ ملک کے خلاف پابندیاں ہی مناسب اقدام ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ نکی ہیلی نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے خلاف سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا اب کوئی جواز نہیں رہا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی پیانگ یانگ کے خلاف کوئی بھی کمزور قرار داد منظور کرنے کا نتیجہ پیانگ یانگ کی جانب سے مزید اشتعال انگیزی کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کا وقت اب گزر چکا ہے ۔ قبل ازیں اپنے تحریری بیان میں امریکی سفیرنے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد چین سے پھر مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ تحریر ی بیان میں انہوں نے کہا چین کو اب اس سلسلے میں سنجیدگی سے قدم اٹھانا چاہئے کیونکہ سلامتی کونسل اس معاملے میں بے بس ثابت ہو رہی ہے۔ امریکی خاتون سفیر نے کہا کہ چین ،جنوبی کوریا اور جاپان کو اپنا کردار ادا کرنے میں کوششیں تیز کرنا ہونگی کیونکہ اب یہ صرف امریکہ کا مسئلہ نہیں رہا۔ یاد رہے کہ سلامتی کونسل 2006 سے شمالی کوریا پر جوہری تجربات کی پاداش میں پابندیاںعائد کیے ہوئے ہے۔