• news

سیاسی جماعتیں 29 اگست تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں: الیکشن کمشن

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں کو اثاثے اور بنک اکائونٹس تفصیلات جمع کرانے کی ایک اور مہلت دیتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیئے ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام رجسٹرڈ جماعتوں کو مزید 30 دن کے اندر اکائونٹس کی تفصیلات جمع کرانے کا ایک اور نوٹس جاری کردیا ہے۔ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو 29 اگست 2017ء تک الیکشن کمیشن اسلام آباد میں تفصیلات جمع کروانے کی ہدایات کی گئی۔ اکائونٹس کی تفصیلات کے ساتھ پارٹی قیادت کا دستخط شدہ سرٹیفکیٹ بھی لف کیا جانا لازمی ہے۔ پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002ء کے تحت ممنوع وسائل سے فنڈ پر پابندی ہے، جن سیاسی جماعتوں نے فارم حاصل نہیں کیے وہ الیکشن کمشن اسلام آباد اور چاروں صوبائی دفاتر سے حاصل کرسکتے ہیں، الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں پر واضح کیا ہے جو جمع نہیں کرائے گی وہ انتخابی نشان کیلئے نااہل ہونگی۔الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی سے مالی سال17۔2016کے گوشوارے بھی 30ستمبر تک طلب کرلیے۔ ارکان پارلیمنٹ اپنے شریک حیات اور زیرکفالت افراد کی تمام تفصیلات بھی جمع کرائیں۔غلط گوشواروں کی صورت میں کرپٹ پریکٹسز کی کا رروائی کی جائیگی جب کہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلی کی رکنیت 15اکتوبر کو معطل کردی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن