شیخ رشید وزیراعظم بن گئے تو خاتون اول کون؟
سوچ رہا ہوں کہ وزارت عظمیٰ کا معاملہ اہم نہیں ہے۔ خاتون اول کی بات زیادہ اہم ہے۔ میں یہ بھی سوچ رہا ہوں کہ اگر شیخ رشید وزیراعظم بن گئے تو پھر خاتون اول کون ہو گی؟ شہید بی بی بے نظیر بھٹو نے وزیراعظم بننے سے پہلے آصف زرداری سے شادی کر لی۔ مخالفین نے صدر زرداری پر طنز بھی کیا تھا کہ وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کے پہلے مرد اول ہیں۔ پھر وہ پاکستان کے صدر بھی بن گئے۔ یہ ایک ایسا کریڈٹ ہے جو کوئی بھی ان سے چھین نہیں سکتا۔ انہوں نے بہت شان سے پانچ سال ایوان صدر میں گزارے اور اپنی مدت پوری کی۔ میرے خیال میں وہ پاکستان کے کامیاب سیاستدان ہیں۔
ایک بات میرے لیے خوشگوار حیرت کی ہے کہ کلثوم نواز کے خاتون اول ہونے کے باوجود ڈپٹی پرائم منسٹر کا کردار مریم نواز ادا کرتی رہیں۔ اب بھی انہوں نے کہا ہے کہ ماضی حال اور مستقبل نواز شریف کا ہے۔ اس خبر کی تفصیل میں مریم نواز کو مریم صفدر لکھا گیا ہے۔ لوگ مجھ سے کئی بار پوچھتے ہیں کہ مریم صفدر کون ہیں؟ میرے خیال میں ایک شخصیت میں دو مریم اکٹھی ہو گئی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اب نواز شریف کی سیاست مریم نواز چلائیں گی۔ وزیراعظم بننے سے پہلے قائد حزب اختلاف؟ سابق صدر جنرل مشرف نے بہت دلچسپ بات کی ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہ خبر پڑھ کر نواز شریف کی ہنسی نکل گئی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے جانے سے میری واپسی آسان ہو گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے بھارتی اخبار کو انٹرویو کے دوران کہی۔ ایک اور انکشاف انہوں نے کیا۔ نواز شریف کی نااہلی سے عمران خان اور ان کی پارٹی کو فائدہ پہنچا ہے اس بات سے عمران کی ہنسی بھی نکل جائے گی۔ آئندہ انتخابات میں عمران خان کے علاوہ زرداری صاحب سے اتحاد کر سکتے ہیں۔ آگے چل کر یہ بھی کہہ دیا کہ پیپلز پارٹی کے علاوہ ن لیگ کا راستہ روکنا بھی ہمارا ٹارگٹ ہے جنہیں عوام تین بار آزما چکے ہیں۔ ان سیاستدانوں نے مایوس کیا ہے۔ میں جنرل مشرف سے پوچھتا ہوں کہ آپ نے کتنا مایوس کیا ہے اور یہ بھی پوچھنے والی بات ہے کہ ہمیشہ پاکستان میں وزرائے اعظم کو ہی برطرف اور نااہل کیا جاتا رہا ہے۔ کبھی کسی صدر پاکستان کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔ سیاستدان یہ تو بتائیں کہ صدر زرداری بھی سیاستدان ہی تھے۔
بھارت کی مرحوم وزیراعظم اندرا گاندھی کے پوتے نے کہا پاکستان میں وزیراعظم نواز شریف کو پانامہ لیکس (کرپشن) کی وجہ سے جانا پڑا۔ بھارت میں ایسی کارروائی کب ہو گی۔ بھارت کے صوبے چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ رامن سنگھ کا نام بھی پانامہ لیکس میں آیا۔ مودی کرپشن کے خلاف تقریریں کرتے رہتے ہیں لیکن انہیں اپنا وزیراعلیٰ نظر نہیں آتا۔ نااہل ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ مودی میرا ذاتی دوست ہے۔ وہ مریم نواز کی بیٹی کے لیے رائے ونڈ بغیر ویزے کے آئے تھے۔
میں نے کل کے کالم میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے اس بیان کے خلاف کچھ ذکر کیا تھا۔ سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کے فل بنچ کے فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو سوچنا پڑے گا کہ اب وہ کس ملک کے ساتھ الحاق کریں۔
پاکستان کے ایک اہم اخبار میں یہ خبر شائع ہونے کے بعد بھارت میں خوشی کے شادیانے بجائے گئے۔ بھارتی میڈیا نے اس طرح پروپیگنڈا کیا کہ کشمیریوں کو کسی دوسرے کی بجائے بھارت کے ساتھ الحاق کر لینا چاہیے۔