مسلمانوں اور دلتوں پر ہندو توا کے خود ساختہ محافظوں کے حملے قابل مذمت ہیں
نئی دہلی ( آن لائن )بھارت میں مسلمانوں اور دلتوں پر ہونے والے حملوں کے درمیان انڈین آرمڈ فورس کے ریٹائرڈ فوجیوں نے وزیر اعظم مودی کو کھلا خط لکھا ہے جس میں سابق فوجیوں نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فوجیوں نے ہندوتوا کی حفاظت کے لیے خود ساختہ محافظوں اور ان کی جانب سے وحشیانہ حملوں کی شدید تنقید کی ہے۔ کھلے خط میں ان فوجیوں نے کہا ہے کہ وہ اس بربریت کے خلاف 'ناٹ ان مائی نیم' مہم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک کی مسلح افواج اب بھی 'کثرت میں وحدت' کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال خوفزدہ کرنے والی، نفرت انگیز اور مشکوک ہے۔ 'آج ہمارے ملک میں جو ہو رہا ہے اس سے ملک کی مسلح افواج اور آئین کو دھچکہ لگا ہے۔ ہندوتوا کی حفاظت کے لیے خود ساختہ محافظوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔'ان حملوں کو ہم معاشرے میں غیر متوقع طور پر ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ ہم مسلمانوں اور دلتوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ خط کو لکھنے میں ہمیں تکلیف ہو رہی ہے لیکن انڈیا میں ہونے والے حالیہ واقعات جو ملک کو تقسیم کر رہے ہیں، ان پر ہونے والی تکلیف کا اظہار بھی ضروری ہے۔'مسلح افواج 'کثرت میں وحدت' پر یقین رکھتی ہے۔ فوج میں اپنی خدمات کے دوران انصاف، کشادگی کا احساس اور منصفانہ رویے نے ہمیں صحیح اقدامات کرنے کی راہ دکھائی۔ ہم ایک خاندان ہیں۔'ہماری وراثت میں بہت سے رنگ ہیں، یہی ہندوستان ہے اور ہم اس زندہ تنوع کو سنبھال کر رکھتے ہیں۔ 'ہم مرکز اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے خدشات پر غور کریں اور ہمارے آئین کی روح کا احترام کریں۔