• news

’’دراندازی کرنے والوں سے نمٹنے کو تیار ہیں‘‘ چینی صدر نے بھارت کو خبردار کر دیا

نئی دہلی (بی بی سی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت اور چین کے درمیان سکم میں ڈوکلام سرحد پر کشیدگی کے درمیان چین نے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 90 ویں یوم تاسیس کے موقع پر آرمی پریڈ نکالی گئی اور چینی صدر شی جن پنگ فوجی لباس میں اس پریڈ میں شریک ہوئے اور چین کی طاقت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ دراندازی کرنے والی قوتوں سے نمٹنے کے لئے چین پوری طرح تیار ہے۔ بھارت کو خبردار کیا ہے کیا یہ بھارت سمیت باقی دنیا کے لئے کوئی اشارہ تھا؟ بی بی سی کی نمائندہ ہریتا کانڈپال نے بیجنگ میں موجود سینئر صحافی سیبل داس گپتا سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ چین کے لئے دنیا کو یہ بتانے کا موقع تھا کہ ان کے پاس کون کون سے جدید ہتھیار ہیں۔ انھوں نے بطور خاص میزائلوں کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان میں جوہری ہتھیار لے جانے والی میزائلوں کے ساتھ موبائل میزائلی بھی شامل تھے جنھیں آپ ٹرک میں لے جا کر دوسری جگہ سے داغ سکتے ہیں۔ اس دوران سو سے زیادہ جنگی طیارے آسمان میں گشت کر رہے تھے۔ چھ ہزار سے زیادہ ٹینک اور توپیں اور دوسرے ہتھیار پریڈ میں پیش کیے گئے۔ چینی وزارت دفاع کے مطابق ان میں سے نصف پہلے کبھی دکھائے نہیں گئے تھے۔ صحافی سیبل کا کہنا ہے کہ 'یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ڈوکلام میں انڈین فوجی تعینات ہیں اور دونوں فوجیں آمنے سامنے ہیں۔ چین کا خیال ہے کہ انڈین فوج ان کی سرحد میں گھس آئی ہے۔' انھوں نے بتایا کہ یہ باتیں صرف چین کی اپنی سرحد تک ہی محدود نہیں کیونکہ شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا میں بدامنی پھیلی ہوئی ہے اور امن لانے کے لیے دنیا کو چین کی ضرورت ہے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ وہ چین کا 'عظیم قوم' کا خواب پورا کر کے دکھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن