• news

.نیازی صاحب ملکی ترقی نہیں چور دروازے سے اقتدار چاہتے ہیں :شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر ) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہی ہماری منزل ہے۔ وطن عزیز کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا ملک بنانے کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ دھرنے، سازشیں اور منفی سیاست ہی ان کی پہچان ہیں۔ نیازی صاحب کو ملک کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ چور دروازے سے اقتدار کا حصول ہی صرف ان کا مطمع نظر ہے۔ سازشیں اور منفی سیاست کرنے والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ محمد نوازشریف کا دور خدمت، شفافیت، امانت اور دیانت سے عبارت ہے اور ان کے دور میں لگنے والے منصوبے تعمیر و ترقی کے اعلیٰ نمونے ہیں۔ پاکستان بھر میں مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ مخالفین کو اسی بات کی تکلیف ہے کہ ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ نواز شریف ہردلعزیز لیڈر ہیں اور وہ عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ ترقی کے سفر کو پہلے سے بڑھ کر آگے بڑھائیں گے۔ ترقی و خوشحالی کے مخالف سیاسی عناصر کو2018 کے عام انتخابات میں بھی ناکامی ہوگی۔ منافقت کا لبادہ اوڑھنے والے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف 20 کروڑ عوام کے دلوں میں بستے ہیںاوران کا ہر دور ترقی و خوشحالی کا دور رہا ہے۔ محمد نواز شریف کے ترقی کے سفر کے اہداف کو مزید تیزی سے مکمل کریں گے۔ ملک کی ترقی کے اربوں کھربوں روپے کے منصوبے شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔ اپنے صوبے میں زیرو کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیا پاکستان بنانے نکلے ہیں۔عوام باشعور ہیں اور تماشا لگانے والوں کو بخوبی پہچانتے ہیں۔ 2018 کے انتخابات میں منفی سیاست کرنے والوں کو خاک چاٹنا پڑے گی۔ عوام کی خدمت اوڑھنا بچھونا ہے، آخری سانس تک عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ رکاوٹوں کی پروا کئے بغیر پوری طاقت سے ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ محمد نواز شریف نے ملک کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے۔ محمد نوازشریف نے شبانہ روز محنت، عزم اور خدمت کو شعار بناتے ہوئے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے۔ سی پیک کے منصوبوں کا اجراء محمد نوازشریف کا تاریخی کارنامہ ہے۔ سی پیک کے تحت لگنے والے توانائی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی آئی ہے اور روزگار میں اضافہ ہوا ہے۔ نواز شریف نے صرف اور صرف خدمت کی سیاست کی اور ہمیشہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو مقدم رکھا ہے۔ نواز شریف نے سیاست میں اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ سیاست مخالفین پر کیچڑ اچھالنے کا نہیں خدمت کا نام ہے اور اس کیلئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن