• news

3 سال سے کہہ رہے ہیں تحریک انصاف میں خواتین کی عزت نہیں: مریم اورنگزیب الزامات شرمناک ہیں: سعد رفیق، طلال عائشہ مسلم لیگ (ن) میں آجائیں: امیر مقام

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 3 سال سے کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی میں خواتین کی عزت نہیں ہے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں عائشہ گلالئی کے پی ٹی آئی چھوڑنے کے حوالے سے بیان پر اظہار خیال کر رہی تھیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کے کردار کو سراہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں خواتین کی عزت کی جاتی ہے۔ عائشہ گلالئی جیسی بہادر خواتین کو مسلم لیگ (ن) میں کوئی پریشانی یا تکلیف نہیں ہوگی۔ انجینئر امیر مقام نے عائشہ گلالئی سے رابطہ کرکے انکو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کے پی ٹی آئی اور عمران خان پر الزامات شرمناک ہیں۔ پی ٹی آئی اے سیاسی جماعت نہیں، آوارہ گردوں کا گروہ ہے۔ پی ٹی آئی میں خواتین کی بے حرمتی کی شکایات عام ہیں۔ علاوہ ازیں رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا ہے کہ جو کچھ عائشہ گلالئی نے کہا اگر یہ سچ ہوا تو خواتین کی سیاست میں آمد کم ہوجائے گی۔ عائشہ گلالئی کے الزامات سنگین ہیں، ہم عائشہ گلالئی کے ساتھ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کی گفتگو سے سیتا وائٹ کی یادتازہ ہو گئی، جس شخص سے ماؤں، بہنوں کی عزت محفوظ نہ ہو وہ ملک اور اداروں کی عزت کیا کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن