جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے اچھی بات :آرمی چیف وزیر اعظم کی حلف برداری میں شرکت
اسلام آباد (آئی این پی ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر مہمانوں میں گل مل گئے اور خوب حال احوال بانٹے۔ سینیٹر مشاہد اللہ کے ساتھ بھی زمانہ طالبعلمی کی یادیں تازہ کیں ، ایک صحافی کے سوال پر کہا جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے اچھی بات ہے۔ ایک صحافی نے آرمی چیف سے سوال کیا آپ جمہوری عمل کو کیسے دیکھتے ہیں ؟ آرمی چیف نے دلچسپ جواب دیا جیسے دوسرے دیکھ رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے یہ اچھی بات ہے ۔ اس دوران مولانا فضل الرحمن نظر آئے تو آرمی چیف نے برجستہ اور دلچسپ جملوں میں کہا مولانا فضل الرحمن سے ملنے دیں ورنہ فتویٰ جاری ہو جائیگا ۔ تقریب کے بعد چائے کی دعوت کی گئی اس دوران آرمی چیف نے صدر ، وزیر اعظم اور دیگرشرکاء سے مصافحہ بھی کیا ۔ مولانا فضل الرحمن سے گلے ملے ۔ آرمی چیف کچھ دیر تر مسلم لیگ ( ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کے ساتھ بھی رہے اور راولپنڈی میں اپنے زمانہ طالبعلمی کی یادیں تازہ کیں اور کہا کہ میرے ایک بھائی پی آئی اے میں رہے اور میں آپ کو جانتا ہوں ہمارے گھر میں آپ کا تذکرہ ہوتا رہتا ہے ۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا مجھے جہاں تک یاد ہے میں شائد سکول میں آپ سے تین چار سال سینئر تھا ، دونوں نے کسی خاص کلاس فیلو کو بھی یاد کیا ۔ اس دوران آرمی چیف سے راولپنڈی کینٹ سے منتخب رکن قومی اسمبلی ملک ابرار بھی ملے اور اپنا تعارف کرایا۔