شاہ محمود کا وزیراعظم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار، کوئی گلہ نہیں اندر کی آواز تھی: پی ٹی آئی رہنما
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے انتخاب کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ملنے آگے بڑھے تو وہ منہ پھیر کر ایوان سے باہر جانے لگے۔ تاہم شاہد خاقان عباسی نے ان کی قمیص پکڑی تب شاہ محمود قریشی نے مڑ کر ان کی طرف دیکھا۔ شاہد خاقان عباسی نے ان کی طرف ہاتھ بڑھایا مگر شاہ محمود قریشی نے معذرت کرلی۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ذاتی طور پر شاہدخاقان عباسی سے کوئی گلہ نہیں، جب انہوں نے میری قمیص کو پکڑا میں نے ملنے سے معذرت کرلی۔ شاہد خاقان عباسی کو نہ ملنا میرے اندر کی آواز تھی۔ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو صادق اور امین نہیں ٹھہرایا۔ ن لیگ کے ہر رکن اسمبلی نے نوازشریف کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ قومی اسمبلی ڈائس کے سامنے نواز شریف کی تصاویر چسپاں تھیں۔ ن لیگ نے قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ سپیکر ایاز صادق بے بس دکھائی دے رہے تھے۔ میں نے ایوان میں خاموش احتجاج ریکارڈ کرایا۔ بتایا جائے حمزہ شہباز اسمبلی میں کیوں نہیں آئے، کیا حمزہ شہباز نے نواز شریف کے فیصلے کو تسلیم نہیںکیا۔ عائشہ گلالئی سے پیر کے روز ملاقات ہوئی، انہوں نے کوئی شکایت نہیں کی۔