شیخ رشید پر مسلم لیگی کارکنوں کا حملہ‘ لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال‘پولیس اہلکار اور کمانڈوز پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر لے گئے
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) پارلیمنٹ ہائوس میں مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کی وزارت عظمیٰ کے امیدوار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد پر حملہ کر دیا۔ اس موقع پر مسلم لیگی کارکنوں نے لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا تاہم پولیس، کمانڈوز اور رینجرز کے جوان شیخ رشید احمد کو اپنے حصار میں لے کر دوسری گاڑی میں پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت سے باہر لے گئے۔ مسلم لیگی کارکنوں نے شیخ رشید کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ منگل کو شیخ رشید احمد پارلیمنٹ ہائوس سے باہر نکلنے لگے تو مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں جو پہلے ہی ان کی تاک میں بیٹھے تھے انہیں اپنے گھیرے میں لے لیا انہوں نے شیخ رشید احمد سے ہاتھا پائی کی اور نعرے لگائے موقع پر موجود پولیس، کمانڈوز اور رینجرز نے بروقت کارروائی کر کے شیخ رشید احمد کو دوسری گاڑی میں منتقل کر دیا۔ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی کے ایوان میں کہا کہ اگر وہ مارے جائیں تو ان کے قتل کا مقدمہ نواز شریف اور شریف خاندان کے خلاف درج کیا جائے۔