• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش: فیصل آباد‘ پلستر گرنے سے میاں بیوی زخمی

لاہور (سپورٹس رپوررٹر/ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ نشیبی علاقوں میں انجام ہو گیا۔ فیصل آباد میں بارش کے دوران علاقہ اقبال کالونی میں خستہ حال مکان کا پلستر گرنے سے میاں بیوی زخمی ہو گئے۔بصیر پور اور چورستہ میانخان میں بارش سے جل تھل ہو گیا۔ نشیبی مقامات خاص طور پر اکثر سرکاری سکولوں و دفاتر میں پانی کھڑا ہو گیا اور عمارات کو جزوی طور پر نقصان بھی پہنچا۔چنیوٹ شدید بارش سے گرمی کی شدت میں کمی موسم خوشگوار ہو گیا، گلیاں اور بازاروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ حالیہ بارشوں سے دریائے چناب میں بھی سیلابی پانی کی سطح اچانک بلند ہونا شروع ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے ادارے کسی بھی صورتحال سے نبٹنے کیلئے الرٹ ہو گئے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب اور اس کے گردونواح میں وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شہر کے نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہوجانے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صدر گوگیرہ اور گردونواح میں تیز ہوائوںکے ساتھ موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیاتاہم سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے آمدورفت میں دشواری ہونے پر شہری پریشان رہے۔ سیالکوٹ میں 15.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریائے چناب اپ سٹریم پانی کا بہائو ایک لاکھ 47 ہزار 431 کیوسک (نچلے درجہ کا سیلاب)‘ جموں توی میں 12 ہزار 276 کیوسک‘ مناورتوی میں 8 ہزار 789 کیوسک‘ نالہ ڈیک (کنگرہ) 824 کیوسک‘ نالہ ایک 6 ہزار 13 کیوسک‘ نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب 1837 کیوسک اور نالہ بھیڈ میں 610 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں کشمیر، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد اور فاٹا میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ دوسری طرف شرقپور شریف اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری جس سے کاروبارزندگی معطل ہوکر رہ گیا ۔ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ14گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ دوسری جانب شہر میں گیس پریشر میں نمایاں کمی واقع ہونے سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ پھلروان چوک سے نامہ نگار کے مطابق صفدر آباد میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم پریشر کی وجہ سے خواتین کھانا پکانے سے مشکل ہو گیا۔ حافظ آباد شہر اوراسکے گردونواح میں گزشتہ روز مسلسل 10 گھنٹے تک سوئی گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند رہی جس سے شہریوں کیلئے صبح کے وقت ناشتہ تیار کرنا بھی محال ہوگیا۔ اکثر علاقوں میں دن بھر بجلی کی طویل بندش اور آنکھ مچولی نے بھی لوگوں کو پریشان کئے رکھا۔

ای پیپر-دی نیشن