شاہدخاقان سٹپنی وزیراعظم ہیں: شیخ رشید ریلو کٹا ہیں: ترجمان تحریک انصاف
گوجرانوالہ/علی پور چٹھہ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاکہ اسمبلی ہال میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف حق سچ کی بات کرنے پر انتقامی کاروائی کراوئی گئی، اسمبلی ہال کے باہر دوہزار گلوبٹ بھیج کر مجھ پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، مسلم لیگ (ن) کے گلوبٹوں کے حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، مسلم لیگ (ن) کا کچا چٹھہ کھول کر عوام کے سامنے لائیں گے، اگر حدیبیہ کیس کھل گیا تو یہ دونوں بھائی اپنی اولاد سمیت جیل کا میٹریل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے موضع احمدنگرچٹھہ میں چوہدری طارق ڈھلوں کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ نومنتخب وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی کو عہدہ سنھبالنے کے بعد مزار قائد پر جانا چا ہئے تھا مگر وہ نواز شریف کے سیاسی مزار پرچلے گئے۔ اسمبلی ہال میں جب میں نے تقریر کی تو پی ٹی وی چینل اور ساری سپلائی بند کردی گئی سپیکر صاحب نے مجھے دوتین چٹ بھیجیںاور کہاگاڑی کا نمبردیںاور پچھلے دروازے سے نکل جائیں تو میں نے کہاکہ مرجائوں گا مگر جس دروازے سے آیا ہوں اسی دروازے سے ہی جائوں گا جہاں پر باہر گلوبٹوں سے مجھ پر حملہ کروایا گیا۔ طاہر القادری کی وطن واپسی پر انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہورہی ہے۔ شاہد خاقان سٹیپنی وزیراعظم ہیں اورنوازشریف کو ایسے ہی سٹیپنی وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ فواد چودھری نے نئے وزیراعظم کو ریلوکٹا قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ کیا نئی کابینہ ریلوکٹا وزیراعظم بنائیں گے یا نااہل وزیراعظم؟ ایل این جی ریفرنس میں نیب شریک جرم ہے۔ ایل این جی میں 220 ارب کا فراڈ ہوا۔ عائشہ گلالئی کے عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ میرا موضوع نہیں‘ سیاسی بات کروں گا۔