الیکشن کمشن نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے دوران صوبائی اور وفاقی حکومت اور وسائل استعمال نہیں کیے جا سکتے‘ اگر کسی سرکاری افسر نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی‘ ضمنی انتخاب کے دوران اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے سرکاری افسر کو دو سال قید اور جرمانے کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔ بدھ کے روز جاری اعلامیہ کے مطابق این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے شیڈول کے جاری ہونے کے بعد کسی بھی سرکاری اہلکار کا تبادلہ نہیں کیا جاسکتا ‘انتہائی اہم سرکاری اہلکاروں کے تبادلوں، الیکشن کمشن کی اجازت کے بعد ہی ہو سکتے ہیں‘ ضمنی انتخاب کے اعلان کے بعد صدر مملکت، وزیر اعظم،وزیر اعلی سپیکر اسمبلی، چیئرمین سینٹ سمیت کوئی بھی عوامی نمائندہ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا‘ ضمنی انتخاب کے اعلان کے بعد کسی بھی قسم کی ترقیاتی سکیم کی منظوری نہیں دی جا سکتی‘ کوئی بھی امیدوار پندرہ لاکھ روپے سے زائد رقم الیکشن کے دوران خرچ نہیں کر سکتا، الیکشن کمشن ہر امیدوار کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی سے قبل ایک بنک اکاؤنٹ کھلوا کر اس میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرائے گا، امیدوار اپنی سواری پر ووٹر کو پولنگ سٹیشن نہیں لے کر آئے گا۔