• news

کرپشن کیس: شرجیل میمن پر پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، سماعت 12اگست تک ملتوی

کراچی(آن لائن )کراچی کی احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے فردجرم ایک مرتبہ پھر موخر کرتے ہوئے مزید سماعت 12اگست تک ملتوی کردی ہے۔احتساب عدالت میں سماعت کے موقع پر سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن و دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔مقدمے میں نامز د ایک ملزم سارنگ لطیف کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم کے قریبی عزیز کا انتقال ہوچکا ہے اس لئے ملزم کا حاضری سے استثنادیا جائے،جس پر عدالت نے ملزم سارنگ لطیف کی استثنا کی درخواست منظور کرلی۔جبکہ سماعت کے دوران ملزم شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس میں نیب کی جانب سے پہلے6 فولڈرزفراہم کیے گئے،بعد میں مزید 44 فولڈرز فراہم کیے گئے، ریفرنس مسترد کیاجائے یاپھر44 فولڈرزکو ناکارہ قراردیاجائے۔ اس موقع پر ملزمان پر فرد جرم ایک مرتبہ پھر موخر کر دی گئی اور عدالت نے آئندہ سماعت12اگست تک ملتوی کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن