• news

فیصل آباد‘ ساہیوال‘ نارنگ منڈی: گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3 افراد کی خودکشی

فیصل آباد+ ساہیوال+ نارنگ منڈی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3افراد نے پھندا لے کر زہریلی گولیاں نگل لی اور نہر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ تھانہ منصور آباد کے علاقہ محلہ فاروق آباد کے 3کمسن بچیوں کا باپ 35سالہ ذوالفقار مقامی پاور لومز فیکٹری میں ملازم تھا جس نے گزشتہ روز خود کو کمرے میں بند کر کے گارڈر کے ساتھ دوپٹے سے پھندا لگا کر پھانسی لے لی۔ اہلخانہ نے دروازہ توڑا تو نعش لٹکتی پائی گئی۔ لوگوں کی اطلاع پر پولیس نے نعش اتاری۔ محلہ داروں نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک ماہ قبل فیکٹری مالک نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر ذوالفقار کو فیکٹری سے نکال دیا‘ جھوٹے مقدمہ میں پھنسا دیا تھا جسے پولیس نے کئی روز تک حوالات میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس سے تنگ آ کر اس نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ساہیوال کے محلہ بھٹو نگر کے طالب حسین بیوپاری کے بیٹے عابد حسین کا معمولی بات پر والدین سے جھگڑا ہو گیا‘ بڑے بھائی نے گھریلو تنازعہ کو بیٹھ کر طے کرنے کا مشورہ دیا تو عابد حسین مشتعل ہو گیا‘ اپنے آپ کو گالیاں دیتے ہوئے گھر میں پڑی ہوئی گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھاکر خودکشی کرلی۔ نارنگ منڈی کے قلعہ کالر والا کے 15 سالہ لڑکے محمد یاسین نے غربت تنگدستی اور بھوک سے دلبرداشتہ ہوکر بی آر بی نہر میں چھلانگ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن