امید ہے نئی حکومت جھوٹے وعدوں سے گریز اور غیرت کو فوقیت دیگی: فوزیہ صدیقی
کراچی( صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد شاہد خاقان عباسی کا پرامن اور مہذب انداز میں وزیراعظم منتخب ہوناخوش آئندہے، ملک میں سیاسی عمل کو اسی طرح جاری رہنا چاہئے۔قوم امید کرتی ہے آزمائش کی اس گھڑی میں مسلم لیگ ن کی نئی حکومت جھوٹے وعدوں اور دعووں سے گریز کرے گی اور نومنتخب وزیر اعظم غیرت کو ہرشے پر فوقیت دیں گے۔عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ان کے قائد نواز شریف کا عافیہ کو100 دن میں واپس لانے کا 4 سال پرانا وعدہ یاد دلارہی ہوں۔ عافیہ کی واپسی ایسا دینی، قومی اور آئینی فریضہ ہے جسے بہت پہلے ادا ہوجانا چاہئے تھا۔ پوری قوم عافیہ کی جلد وطن واپسی چاہتی ہے۔عافیہ کی واپسی پوری قوم اور امت مسلمہ پر فرض بھی ہے اور قرض بھی، اللہ نے آپ کو موقع دیا ہے شاید یہ نیک کام آپ کے ہاتھوں سے ہوجائے۔عافیہ پاکستانی شہری اور بے گناہ ہے۔ اسے اس کے تین کمسن بچوں سمیت کراچی سے اغواء کرکے امریکیوں کے حوالے کیا گیا تھا۔ اس پر چلائے گئے جھوٹے مقدمہ کو ماہرین قانون رد کرچکے ہیں۔ عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی آج بھی ممکن ہے جس کیلئے امریکی وکلاء اس کی رہائی کیلئے پرامید ہیں اور آج بھی حکومت پاکستان کے باضابطہ تحریری ایک خط کے منتظر ہیں ۔اگر کمی ہے تو بس ہمارے حکمرانوں اور ارباب اختیار میں قومی غیرت کی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ اگرنومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف پرعائد عافیہ کی واپسی کاقرض45 دنوں میں اتار دیا تویہ کارنامہ45 مہینوں کی کارکردگی سے بڑھ کر ہوجائے گا۔