• news

افغانستان: طالبان کا نیٹو قافلے پر خودکش حملہ‘2 امریکی فوجی ہلاک‘جھڑپوں میں25 جنگجو مارے گئے

اسلام آباد /کابل (سٹاف رپورٹر+ آن لائن+ آئی این پی+ اے ایف پی) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 25 طالبان ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ نیٹو قافلے پر طالبان کے خودکش حملے میں 2 امریکی فوجی مارے گئے۔ صوبہ وردک کی قندھار ہائی وے پر سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان اس وقت جھڑپ ہوئی جب طالبان کا ایک گروپ بارودی مواد نصب کر رہا تھا۔ فورسز نے 2 طالبان کو گرفتار بھی کرلیا۔ ادھر قندھار میں طالبان کے بمبار نے نیٹو کی گاڑی سے بارودی کار ٹکرا دی 2گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ نیٹو ترجمان نے کہا ہوائی اڈے کے قریب قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جلد میڈیا کو آگاہ کرینگے۔ دوسری جانب مغربی صوبہ ہرات میں شیعہ مسجد میں ہونے والے دھماکے سے طالبان نے لاتعلقی کا اظہار کر دیا جبکہ عماق نیوز ایجنسی کے مطابق داعش نے مسجد پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ ترجمان نے کہا کہ 50 افراد مارے اور 80 زخمی ہوگئے۔ ایران نے دھماکے کی مذمت اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ادھر پاکستان نے افغانستان کے جنوبی شہر ہرات کی مسجد میں کی گئی دہشت گردی اور نیٹو قافلے پر خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ پاکستان نے ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے تمام ریاستوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ ترجمان طالبان ذبیح مجاہد نے کہا ہمارا ہدف ضلع دامان میں شوراندام کے مقام پر خفیہ ادارے کا مرکز تھا۔

ای پیپر-دی نیشن