ساہیوال کے مقدمات، ملتان بنچ کیساتھ لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر بھی دائر ہو سکیں گے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ضلع ساہیوال کے مقدمات ملتان بنچ اورلاہور پرنسپل سیٹ جبکہ ضلع لودھراں کے مقدمات ملتان بنچ کے ساتھ ساتھ بہاولپور بنچ پر بھی سنے جاسکیں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصو ر علی شاہ کی منظوری سے نوٹیفکیشنز جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان اضلاع کے سائلین نئے کیسز دائر کر سکیں گے جبکہ پہلے سے زیر سماعت مقدمات پرانے بنچز میں ہی سنے جائیں گے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے ضلع ساہیوال کے مقدمات لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کے ساتھ ساتھ لاہور ہائی کورٹ، لاہور پرنسپل سیٹ جبکہ ضلع لودھراں کے مقدمات کو ملتان بنچ کے ساتھ ساتھ بہاولپور بنچ پر دائر اور سنے جانے کی منظوری دے دی۔ ساہیوال اور لودھراں کی بار ایسوسی ایشنوں نے چیف جسٹس سے ملاقات میں اسی حوالے سے اپنے مطالبات پیش کئے تھے۔