• news

نیب کرپشن روکنے کیلئے کوششیں دگنی کر دے‘ چوہدری قمر زمان

اسلام آباد (این این آئی) نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی ایک لعنت ہے جس سے ہمیں آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے ٗ نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کو اپنا قومی فرض سمجھتے ہوئے اپنی کوششیں دوگنا کریں، نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ نیب کی جانب سے ایک بیان کے مطابق چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب پاکستان میں بدعنوانی کی روک تھام کا اعلیٰ ادارہ ہے جس نے ملک سے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ آگاہی اور تدارک کی پالیسی اختیار کی ہے اور بدعنوان عناصر کو گرفتار کرکے ان سے لوٹی گئی رقم برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائی۔ نیب کو 2015ء کے مقابلہ میں 2016ء میں دوگنی شکایات موصول ہوئی ہیں جو کہ نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ پلڈاٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 42 فیصد لوگ نیب جبکہ 30فیصد پولیس اور29 فیصد سرکاری ملاز مین پر اعتماد کرتے ہیں۔ قمر زمان چوہدری نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی کوششوں کا اعتراف پلڈاٹ اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کیا ہے۔ ٹرانسپییرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ 2015ء میں پاکستان بدعنوانی پرسپشن انڈیکس میں 9 درجہ بہتری آئی ہے ۔ پاکستان نے نیب کی کوششوں سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کے عالمی مسابقتی فورم میں پاکستان 126 ویں سے 122 ویں نمبر پر آگیا ہے جو کہ ہماری کامیاب قومی انسداد بدعنوانی حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور نیب افسران کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن