مائوں‘ بہنوں پر سیاست اجتماعی پستی‘ تعفن زدہ کلچر دفن کرنا ہوگا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(صباح نیوز+آئی این پی)مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی ماں، بہنوں اور بیٹیوں پر کیچڑ ا چھالنے سے پہلے اپنے گھر میں بیٹھی ماں، بہنیں اور بیٹیاں یاد رکھنی چاہیں، سب سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ خدا کے لیے یہ کھیل بند کریں۔جمعرات کومریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کیا اس طرح کے ٹاک شوز اور مذاکروں کے بعد کوئی خاتون سیاست میں آنے کا سوچ نہیں سکتی ہے۔ ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر عورت کے وقار کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ پیمرا خاموش بیٹھا ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی رہنما نے کہا میں ایک ماں، بہن، بیٹی بن کر تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتی ہوں کہ عورت کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ ہمارے نبی حضرت فاطمہؓ کا کھڑے ہو کر استقبال کرتے تھے۔ خواتین کے بغیر معاشرہ ادھورا مگر ان کی تذلیل اخلاقی پستی کا ثبوت ہے۔ تین دن سے جاری بحث کیا کوئی ماں اپنی بیٹی کے ساتھ دیکھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا ہمیں تعفن زدہ کلچر دفن کرنا ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا دوسروں کی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں پر سیاست کرنا اجتماعی پستی ہے‘ ایسے رویوں کی وجہ سے سیاست گالی بن کر رہ گئی ہے‘ عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئے۔