• news

وزیراعظم سے ملاقات‘ قیادت ہموار انداز میں اقتدار کی منتقلی پر خوش ہے: چینی سفیر سی پیک کی نگرانی کرونگا: وزیراعظم

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان میں چین کے سفیر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ چینی سفیر نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے چینی وزیراعظم کے جانب سے بھی مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا چینی قیادت پاکستان میں ہموار انداز میں اقتدار کی منتقلی پر بے حد مسرور ہے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چینی سفیر اور چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی پیک پر عمل درآمد کے لیے کام کریں گے اور وہ ذاتی طور پر تیزی سے تکمیل کی نگرانی کریں گے۔ سی پیک کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ چینی سفیر نے کہا دونوں ملک دوست ہیں اور سٹرٹیجک پارٹنرز ہیں اور گزشتہ چار سال میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات ایک نئی بلندی کو چھونے لگے ہیں دریں۔ سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وزیراعظم ہائوس آمد پر فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔ قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم بننے کے بعدیہ وزیراعظم کی پی ایم ہائوس میں پہلی آمد تھی۔ بعدازاں وزیراعظم مری روانہ ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن