پاکستان اور بھارت کنٹرول لائن پر تجارت، بس سروس اگلے ہفتے شروع کرنے پر متفق: بھارتی میڈیا
سرینگر/نئی دہلی (آئی این پی)پاکستان بھارت سرحدی حکام لائن آف کنٹرول پر تجارت اور سرینگر مظفرآباد بس سروس اگلے ہفتے دوبارہ شروع کرنے پر متفق ہوگئے۔ جمعرات کو بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان بھارت سرحدی کشیدگی کے باعث لائن آف کنٹرول پر معطل ہونے والی سرینگر مظفرآباد بس سروس اور تجارت اگلے ہفتے دوبارہ شروع ہوجائے گی۔ اوڑی شہر کے قریب سلام آباد تجارتی سہولت مرکز کے حکام نے بتایا ہے کہ سرحد کے آر پار تجارت پیر سے جبکہ کاروان امن سری نگر مظفر آباد بس سروس منگل سے دوبارہ شروع کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایل او سی پر تجارت اور سری نگر مظفر آباد بس سروس پاکستان بھارت سرحدی کشیدگی کے باعث معطل کردی گئی تھی۔