• news

مقبوضہ کشمیر: 2 نوجوان شہید‘ حملے میں میجر سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک

سرینگر (بی بی سی+ کے پی آئی+ نیٹ نیوز) بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں کولگام ضلع میں مزید 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ شوپیاں میں بھارتی فوج پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا جس میں میجر کملیش پانڈے‘ سپاہی تینزن جونیش اور سپاہی کرپائی سنگھ مارے گئے۔ حزب المجاہدین نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے جبکہ فوجی ترجمان راجیش کالیا نے فوجی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ فوج اور پولیس افسران کا کہنا ہے شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن 25 برس میں اپنی نوعیت کا سب سے وسیع اور بڑا آپریشن ہے۔ کے پی آئی کے/ نیٹ نیوز کے مطابق گزشتہ روز بھی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے بھارتی فوج نے کولگام جلع کے دھمیال ہانجی پورہ کے گاؤں گو پال پورہ کا محاصرہ کر لیا۔ دوران محاصرہ عاقب احمد اور سہیل احمد نامی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ ادھرشوپیان کے سوگن علاقہ میں فوج کی طرف سے محاصرے کے دوران لوگوںنے پتھراؤ کیا جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے شیلنگ کی۔مقامی لوگوں کے مطابق فورسز نے بستی سے جانے سے قبل زبردست توڑ پھوڑ کی اور مکانوں کی کھڑکیوں اور شیشوںکے علاوہ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ حریت قائدین سید علی گیلانی اورمیرواعظ محمد عمر فاروق سمیت انجمن شرعی شیعیان،کشمیر تحریک خواتین،تحریک مزاحمت،لبریشن فرنٹ ، پیپلز لیگ ،سالویشن موومنٹ اور پیپلز فریڈم لیگ نے پلوامہ کے زخمی نوجوان عقیل احمد کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز ایک منصوبہ بند طریقے پر کشمیریوں کی نسل کشی کررہے ہیں۔کشمیری تاجروں نے دھمکی دی ہے کہ جامع مسجد سرینگر کو آج نماز کے لیے نہ کھولا گیا تو تاجر زبردستی مسجد کھول دیں گے۔ دوسری جانب بھارتی پارلیمنٹ نے جموں کشمیر کوجی ایس ٹی میں شامل کرنے کا قانون منظور کر لیا ۔ ایوان زیریں لوک سبھا میں جی ایس ٹی بل2017اور مربوطی اشیاء و خدمات ٹیکس (جموں کشمیر میں توسیع)بل2017کو بحث و مباحثے کے بعد منظوری دی۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموںخطے کی کٹھوعہ جیل میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل کو مکمل طور پر ابو غریب جیسی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کولگام میں شہید ہونے والے نوجوان عاقب ایتو کی نمازجنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ فوجیوں نے عاقب ایتو کو ایک اور نوجوان سہیل احمد کے ہمراہ جمعرات کو صبح سویرے ضلع کولگام کے علاقے گوپال پورہ میں محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ نوجوانوں کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں سپرد کیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے گرفتار حریت رہنما شبیر شاہ کو دہلی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ شبیر شاہ نے دوران حراست غیر انسانی سلوک کے خلاف درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں کہا ہے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے میری جان کو خطرہ ہے۔ بیانات اور سادہ صفحات پر زبردستی دستخط کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔ حریت رہنما شبیر شاہ کو 25 جولائی کو سری نگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے حریت رہنماکے ریمانڈ میں مزید 6 دن کی توسیع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن