سیتاوائٹ نے مسلم لیگ ن سے پیسے لینے کا اعتراف کیا تھا‘ عائشہ گلالئی بھی استعمال ہو گئیں: عمران
اسلام آباد (ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کے الزامات پر بہت حیران ہوں ، انکے الزام کی ٹائمنگ کی کوئی دلیل نہیں، اگر میسج 4سال پہلے ملا تو اس وقت شور کیوں نہیں مچایا،وہ محنتی خاتون تھیں اسلئے انکی قدر کرتا تھا مگر اب وہ خود ہی پھنس گئی ہیں، کسی نے آج تک کو ئی بات کی ہو کہ میں نے ایسا کیا ہے ؟ مسلم لیگ (ن) اس وقت بہت پریشان ہے، معلوم تھا کہ یہ ایسا ہی کریں گے، مجھے اس سے زیادہ برے کی امید ہے لیکن میں انہیں ہر جگہ اور ہر معاملے میں شکست دوں گا ،ناز بلوچ کو پارٹی میں واپس آنے کی دعوت دوں گا کیونکہ اسکے کردار نے متاثر کیا ہے، نواز شریف کو بچاتے بچاتے پوری مسلم لیگ (ن) ڈوب جائیگی، سب کو ڈر ہے کہ اب اگلی باری آنے والی ہے۔ یہ لوگ کرپشن اور چوری کرنے کا بل پاس کیوں نہیں کرا لیتے، اگر انہوں نے چوری بچانے کیلئے ترمیم کی تو سڑکوں پر نکلوں گا، شریفوں نے چھانگا مانگا سیاست سے ہمارے 8سے 9ایم پی ایز کو خریدنے کی کوشش کی اور کربھی رہے ہیں۔ میں نے پرویز خٹک کو کہا کہ جو جاتا ہے اسکو جانے دو، جس کا ضمیر ہی نہیں اسے رکھ کر کیا فائدہ ہے ،ہم پارٹی میں بہتر الیکشن نہیں کر واسکے کیونکہ ہم پانامہ میں پھنسے ہوئے تھے۔ انٹرویو میںعمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی کچھ دن پہلے مجھے ملنے آئیں تو ناراض تھیں کہ یوم تشکر کے دن جلسہ میں مراد سعید نے تقریر کی اور مجھے نہیں کرنے دی گئی۔ این اے ون کی ٹکٹ سے متعلق بھی بات ہوئی ، اس سے اگلے دن اچانک پتہ نہیں اس کو کیا ہوگیا ۔ اس سوال پر کہ کیا عائشہ گلالئی آپ سے شادی کرنا چاہتی تھیں، کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ مسلمانوں کی تباہی کی وجہ بادشاہت ہے۔ناز بلوچ کو سچ بولنے پر مبارکباد دیتا ہوں، شریف برادران اور سارا میڈیا ملا ہوا ہے ،یہ کرپٹ لوگوں کو بچانا چاہتے ہیں، اب ہم 2نمبر الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کو این اے 120 کی سیٹ ہاتھ سے جانے کا خوف ہے۔ کرپشن اور منی لانڈرنگ کیلئے یہ لوگ اقامے لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سیاست کے آغاز سے ہی پیسہ لگایا اور معاملات حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ پیسہ چلا ہے، میرے ساتھ کتنی خواتین نے کام کیا ہو گا؟ شوکت خانم اور ہر جگہ کام کیا ہے ؟ کسی نے آج تک کو ئی بات کی ہو کہ میں نے ایسا کیا ہے ؟ مسلم لیگ (ن) کے کنٹریکٹ ختم ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ اتنا بڑا ایمپائر گر جائیگا ۔نیوٹرل ایمپائر کے بغیر الیکشن قبول نہیں کریں گے، ہم اپنے مطالبات رکھیں گے اگر نہیں مانے گئے تو سڑکوں پر آنے کی آپشن موجود ہے ۔کے پی کے کی حکومت ختم کر نے کا تجربہ بھی کر لیں ،میں ضرور کہوں گا ۔ طاقتور کے احتساب کا جن بوتل سے نکل چکا ہے‘ واپس نہیں جائے گا۔ عائشہ گلالئی مسلم لیگ (ن) کے ہاتھوں استعمال ہو گئیں۔ پیسے چلانا مسلم لیگ (ن) کا پرانا طریقہ ہے۔ عائشہ گلالئی کے الزامات کی کوئی منطق نہیں ہے۔ مجھے شک اور افسوس بھی ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے انہیں استعمال کیا۔ مسلم لیگ (ن) والوں نے سیتا وائٹ کے متعلق ایک مہم چلائی۔ سیتا وائٹ نے مسلم لیگ (ن) والوں سے پیسے لینے کا اعتراف کیا۔علاوہ ازیں عمران نے ممتاز بھٹو کو کہا ہے کہ ہمیں آپکی ضرورت ہے، جلد فیصلہ کریں۔ ممتاز بھٹو نے پی ٹی آئی چیئرمین کو سندھ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ آئیں‘ خوش آمدید کہیں گے۔قبل ازیں ٹویٹر پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت کو گرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس کیلئے ارکان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عمران نے پی ٹی آئی ورکرز اور سپورٹرز کو عائشہ گلا لئی کی بہن ماریہ طورپر تنقید کرنے سے روک دیا ہے۔