میسج سینئر صحافی کو دکھا دیئے‘ مجھے یا خاندان کو کچھ ہوا تو عمران ذمہ دار ہوں گے: عائشہ گلا لئی
اسلا م آباد+لاہور (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی ) عائشہ گلالئی نے کہاہے کہ اگر مجھے یا میر ے خاندان کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار عمران خان ہو ں گے ،میرا کوئی ٹویٹر یا فیس بک اکاؤنٹ نہیں، جو کچھ مجھ سے منسوب کیا جا رہا ہے وہ میری باتیں نہیں ہیں، نورزمان اور مجاہد خٹک میرے سیاسی معاون نہیں تھے، جب ایم این اے بنی تو بہت سے رشتہ دار نکل آئے اور کوئی میرا چاچا بن گیا تو کوئی کچھ۔ عائشہ گلالئی نے تمام الزامات مسترد کر دیئے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی بہت سے الزام عائد کرنے والے سامنے آ ئیں گے لیکن وہ گھبرائیں گی نہیں۔ نور زمان اور مجاہد خٹک پارٹی میں ساتھ ہوتے تھے۔ مجاہد خٹک مجھے کہتے تھے کہ تحریک انصاف کا ٹکٹ دلوا دیں، اب انہیں موقع مل رہا ہے تو انہیں اپنے نمبر بنانے دیں۔ میں خود پی ٹی آئی کے کلچر سے تنگ تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرے حوالے سے ایک اور بھی بات کی جارہی ہے جو کہ عمران خان کی ذہنیت کو ظاہر کرتی ہے کہ مجھ پر تیزاب پھینکو۔ تحریک انصاف مجھ پر ہتک عزت کا دعویٰ کرتی ہے تو خوشی ہو گی، عدالت میں سب پتہ چل جائے گا کہ کون صحیح ہے اور کون غلط۔ میرے پاس ثبوت ہے بات عدالت جائے تو پیش کروں گی، اب تک عمران نے میرے بیان پر کچھ نہیں کہا کیوں؟ عائشہ گلالئی نے الزام لگایا کہ پرویز خٹک، جہانگیر ترین کو ٹھیکے دیتے ہیں، بلین ٹری سونامی میں حد سے زیادہ بدعنوانی ہوئی ہے، جہانگیر ترین عمران کا کچن چلاتے ہیں، 2013ء میں مجھے عمران خان کے بے ہودہ میسجز آنے لگے۔ عمران خان اشارہ شادی کا دیتے تھے اور میسجز بے ہودہ ہوتے تھے۔ میں اپنے والد اور بھائی کو لیکر عمران کے پاس گئی، وہ مجھ سے کہہ رہے تھے کہ مجھ سے اکیلے ملو، میرے والد نے ان سے کہا آپ کا مقصد کیا ہے تو وہ ادھر ادھر کی بات کرنے لگے، میرے پاس تمام میسجز کا ریکارڈ ہے، یہ نشست ہم نے پی ٹی آئی کو دی ہے، پی ٹی آئی نے یہ سیٹ ہمیں نہیں دی، میں عمران خان کی وجہ سے سیاست میں نہیں آئی اور نہ ہی سیاست چھوڑوں گی۔ عمران خان نے ذاتی نمبر سے مجھے میسجز کئے تھے، مجھے شرم اھٓ رہی تھی اس لئے چار سال تک یہ بات نہیں کی۔ عمران خان مجھے بلیک بیری تحفے میں دینا چاہتے تھے، میں نے انکار کر دیا۔ میسجز دیگر خواتین کو بھی گئے ہونگے کیونکہ یہ پی ٹی آئی کا کلچر ہے۔ میں ایک سیاسی جماعت کے طور پر اتنے بڑے الزامات اپنے اوپر لوں گی؟ اس بات سے انکار نہیں کر سکتے کہ انہوں نے مجھے غیراخلاقی میسجز کئے، گالی گلوچ کا کلچر عام کر کے عمران نے پوری نسل کو تباہ کر دیا ہے۔ عمران خان ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں کہ وہ سماجی ویب سائٹ کو حملے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی میں ہونے کے باوجود پارٹی کا دفاع کرنا میرے لئے بہت مشکل ہو گیا تھا۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ بہت بہتر کام کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو جوائن نہیں کروں گی، فی الحال اپنی ڈاکٹریٹ مکمل کروں گی، آئندہ کا لائحہ عمل بعد میں بتائوں گی۔ عمران میرے سامنے بیٹھ جائیں تو میسجز سے انکار نہیں کر سکتے تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عائشہ گلائی نے عمران کے مبینہ ایس ایم ایس سینئر صحافی کو دکھا دیئے ہیں، ایس ایم ایس دکھاتے وقت ایک تیسرا بھی موجود تھا۔ عائشہ گلا لئی کے والد شمس القیوم نے کہا ہے کہ نور زمان میراشاگردتھا اوروہ مجرمانہ ذہنیت کا مالک شخص ہے ، عمران خان ہسپتال بناسکتے ہیں اور فنڈ ریزنگ کر سکتے ہیں تو ماریہ بھی قومی کھلاڑی ہے وہ کیوں نہیں بنا سکتی؟اسکی فنڈریزنگ پر سوال کیوں اٹھائے جار ہے ہیں ؟سرکار ی ملازم تھا بیوی بھی سرکاری ملازم ہے، بچوں سمیت سرکاری مکان میں رہائش پذیر ہوں۔ ماریہ غیر جانبدار ہے اس نے کبھی سیاست پر بات نہیں کی۔ تحریک انصاف کی جانب سے اس کی کردار کشی کی جارہی ہے جو انتہائی غلط ہے ہمیں اس کی امید نہیں تھی۔