• news

;;;;کیپٹن صفدر‘ عابد شیر نے کھلے عام دھمکیاں دیں: شیخ رشید کی تحریک استحقاق

اسلام آباد(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بطور امیدوار وزیراعظم ان کی تقریر سرکاری ٹی وی چینل پر نشر نہ کیے جانے پر قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کروادی۔ شیخ رشید کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک استحقاق میں پانچ نکات شامل ہیں۔ پہلے نکتے میں شیخ رشید نے کہا کہ بطورامیدوار وزیراعظم میری تقریر سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر براہ راست نہیں دکھائی گئی۔ انہوں نے دوسرا نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر اور وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے ایوان میں مجھے کھلے عام دھمکیاں دیں، ان کے اس اقدام کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ شیخ رشید نے موقف اختیار کیا کہ ایوان کی گیلریوں میں بغیر پاسز کے لوگ موجود تھے، جب کہ گیلری میں کوئی بھی شخص بغیر پاسز کے داخل نہیں ہوسکتا، انہوں نے کہا گیلریوں میں بیٹھے اشخاص نے مجھے اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو کھلے عام گالیاں دیں اور ان کے اس عمل پر کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ،پارلیمنٹ سے باہر نکلتے وقت مجھ پر حملے کی ناکام کوشش کی گئی اوریہ سارا واقعہ سپیکر کی موجودگی میں ان کے سامنے پیش آیا لیکن انہوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔شیخ رشید نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک استحقاق پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن