اخلاقی کرپشن مالی سے زیادہ خطرناک‘ سیاستدان بہتری کیلئے اقدامات کریں: خورشیدشاہ
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ عائشہ گلا لئی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے اور اسکی تحقیقات ہونی چاہئے‘حالات کے بارے میں چوہدری نثار علی خان کا تبصرہ درست ہے مگر اس صورتحال کے باوجود ملک حکومت کے بغیر چل رہا ہے ۔ اخلاقی کرپشن مالی کرپشن سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ موجودہ حالات میں سیاستدانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حالات کی بہتری کیلئے اقدامات کریں۔ مختصر مدت کیلئے ایک وزیراعظم کے بعد دوسرے وزیراعظم کو لانا اچھی روایت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کو دیکھتے ہوئے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اچھی روایات کی بنیاد رکھیں اورانہیں آگے لیکر آگے چلیں۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں جمہوری روایات کو اپنایا اور تاریخ میں پہلی بار آئین، قانون اور جمہوری روایات کے مطابق پر امن انتقال اقتدار کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کا نوٹس لے کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر سابق وزیر اعظم کی تصاویر ایوان میں کیسے پہنچائی گئیں اور کیوں لہرائی گئیں ، کس طرح بغیر پاسز کے لوگوں کو ہجوم کی شکل میں اسمبلی کی گیلریوں اور لابیوں میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں ایک جماعت کے لوگوں کو اسمبلی میں اکٹھا کرنا خطرناک کام تھا جس کے نتیجے میں کوئی بھی حادثہ پیش آ سکتا تھا۔دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان پارلیمنٹ ہاﺅس میں سپےکر چےمبر مےں اہم ملاقات ہوئی جس مےں قومی اسمبلی کے رواں سیشن سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس مےں بتاےا گےا جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی ہونے کا امکان ہے، ناخوشگوار واقعات کے نوٹس کےلئے سپیکر قومی اسمبلی حکومت اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔