مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں‘ پیلٹ گن اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال بند کیا جائے زرداری
اسلام آباد (آئی این پی) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں‘ پیلٹ گن اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال بند کیا جائے‘ بھارت کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت دے‘ وہ جمعرات کو 21رکنی کشمیری وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ وفد میں آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے رہنما شامل تھے۔ آصف زرداری نے کہا پیپلز پارٹی اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ بے نظیر بھٹو نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی۔ بھارت کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کا ہمیشہ موقف ہے مذاکرات سے مسئلہ حل کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔ پیلٹ گن اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال بند کیا جائے۔ آصف زرداری نے کہا گرفتار افراد بشمول حریت رہنماﺅں کو رہا کیا جائے پیپلز پارٹی کشمیریوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری سے رکن قومی اسمبلی ملک اسد سکندر نے دبئی میں ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک اسد نے آصف زرداری کو منانے کیلئے اپنے رویئے پر معذرت کی۔ آصف زرداری نے اسد سکندر سے گلے شکوے ختم کر دیئے۔